تیسرا بلائنڈ کرکٹ کپ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو183رنز سے شکست دیدی۔۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز  آسٹریلیا نے سری لنکا کو ہرا دیا

ہفتہ 9 دسمبر 2006 22:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ 9دسمبر 2006ء ) تیسرے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 183رنز سے شکست دیدی۔جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا نے سری لنکا کو ہرا دیا ۔ایف نائن کرکٹ گراؤنڈ پر ہونے والے پہلے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیاپاکستانی ٹیم 40ویں اوورز میں 363رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔پاکستان کے محمد اکرم نے 101اور عامر اشفاق نے58رنز بنائے ۔

بھارت کی طرف سے راجیندرا ورما نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جس کے جواب میں بھارت کی ٹیم180رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔پاکستانی باؤلروں نے بھارت کے کسی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا ۔رجیندرا ورما نے34اور شیکھر نائیک نے28رنز بنائے پاکستان کی طرف سے عامراشفاق اور نورقریش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

محمد اکرم کو بہترین کھیل پر مین آف دی میچ قراردیا گیا دوسرا میچ پی اے ایف گراؤنڈ ای نائن میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 9وکٹوں سے شکست دیدی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 30ویں اوورز میں 127رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی شنڈو نے 56رنز سکور کیے انگلینڈ کی طرف سے رینالڈنے دو وکٹیں حاصل کیں جس کے جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔نیتھن فوئے نے 72رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جس پرانہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا تیسرا میچ شالیمار کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دی ۔

سری لنکا کی ٹیم چالیس اوور میں 231رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔چندانہ کمارا نے 46اور لشکمن نے 46رنز بنائے مارکس لی نے چار وکٹیں حاصل کیں ۔ آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 38ویں اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔پیٹرکرسٹن نے 94 میڈر 59رنز بنائے ۔ چندانہ کمار نے 28رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا میچوں کے اختتام پروفاقی وزیر مذہی امور اعجازالحق نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔