مقبوضہ کشمیر  بھارتی فوج کاحزب المجاہدین کے اعلیٰ رہنماء کو شہید کرنے کا دعویٰ ۔۔ بھارتی وزیر دفاع پیر کو پونچھ جائیں گے  سیکورٹی کے سخت انتظامات

ہفتہ 9 دسمبر 2006 22:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ 9دسمبر 2006ء ) مقبوضہ جموں و کشمیر فوج نے حزب المجاہدین کے اعلٰی رہنما کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے۔ جموں کے رامبان علاقے کے پولیس اعلی اہلکار بسنت کمار راٹھ کے مطابق فوج اور ریاستی پولیس نے ادھمپور ضلع کے لانچہ علاقے میں مجاہدین کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا جس میں فوج اور پولیس کو لانچہ علاقے کے ایک ویران گھرمیں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملی۔

پولیس اور فوج نے اس گھر کو گھیرے میں لیا اس دوران فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑ پ میں حزب المجاہدین کا ڈویڑنل کمانڈر حکمت یار الیاس شریف شہیدہو گیا ۔گزشتہ تین ماہ میں فوج نے حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ کے ایک درجن سے زائدمجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دریں اثناء جموں وکشمیر کی پولیس کے مطابق جموں میں لشکر طیبہ کے ایک اہم رہنما سمیت 3 افرادشہید ہو گئے ۔

(جاری ہے)

مرنے والوں میں فوج کا ایک جوان اور ایک عام شہری شامل ہیں۔ جموں خطے کے اعلٰی پولیس اہلکار شیش پال وید کے مطابق یہ واقعہ جموں کے بنولی گاوٴں میں اس وقت پیش آیا جب فوج کے جوانوں نے گاوٴں کے اس گھر کو گھیرے میں لے لیا جہاں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی اس دوران فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی جس میں فوج کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔

جوابی کارروائی میں ایک مجاہد سمیت اس گھر کا مالک شہید ہو گئے پال وید نے بتایا کہ شہید ہونے والا مجاہد ابو سہیل لشکر طیبہ کا ڈویڑنل کمانڈر تھا۔ اس واقعہ کے بعد فوج نے پورے علاقے میں تلاشی کی کارروائی مزید تیز کردی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب بھارتی وزیر دفاع اے کے اینٹنی (آج )اتوار کے روز جموں کے پونچھ ضلع کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وزیر دفاع بننے کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اے کے اینٹنی کے دورے کے پیش نظر علاقے میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔