رو س ، ہسپتال میں آتشزدگی سے45افراد ہلاک ، متعدد زخمی 162افراد کو باہر نکال لیا گیا 10کی حالت تشویشناک ، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ

ہفتہ 9 دسمبر 2006 22:02

ماسکو(اُردو پوائنٹ 9دسمبر 2006ء ) روس کے شہر ماسکو کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی سے 45 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں ہسپتال کے2 ملازم بھی شامل ہیں۔ ہسپتال میں منشیات سے متاثرہ لوگوں کا علاج کیا جاتا تھا۔ حادثے میں زیادہ تر منشیات کی عادی نوجوان خواتین ہلاک ہوئی ہیں۔ ایک غیر ملکی خبررساں ادارے نے ماسکو میں سرکاری اہلکاروں کے حوالے سے بتایا کہ آگ ہفتہ کی صبح لگی اور زیادہ تر لوگ کمروں میں دھواں بھر جانے کے باعث گھٹن سے ہلاک ہوئے ہیں۔

آتشزدگی سے بچاوٴ کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے سبب اس برس کے اوائل میں حکام نے اس ہسپتال کو بند کرنے کی سفارش کی تھی۔ آگ سے تحفظ کے محکمہ کے ایک افسر یوری نینشاف نے کہا کہ انتظامیہ کی اس تجویز کو اہمیت نہیں دی گئی اور مشورہ نظر انداز کردیاگیاتھا۔

(جاری ہے)

آگ بجھانے والے عملے نے عمارت سے تقریبا162 افراد کو باہر نکال لیا ہے جس میں سے 10 افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ۔

جائے حادثہ پر موجود بعض لوگوں نے بچاوٴ اور امدادی کاموں میں تاخیر کا الزام لگایا ہے۔ ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق ہسپتال کے عملے کا رویہ درست نہیں تھا اور آگ لگنے کے فورا بعد لوگوں کو باہر نکالنے میں لاپرواہی برتی گئی۔ پانچ منزلہ عمارت میں باہر نکلنے کے لیے صرف ایک راستہ تھا جس کے سبب کم لوگ باہر نکل سکے۔روس میں ہر برس آتشزدگی سے اوسطا 18ہزار لوگ ہلاک ہوجاتے ہیں۔ گزشتہ دسمبر میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ رونما ہوا تھا۔2003ء میں آتشزدگی سے کئی طلباء ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :