پیپلز پارٹی سے اتحاد نہیں ہو سکتا ، چوہدری شجاعت ۔۔ نواز شریف اور بے نظیر اپنی رضا مندی سے بیرون ملک بیٹھے ہیں ، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 9 دسمبر 2006 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ 9دسمبر 2006ء ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر  سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کا پیپلز پارٹی سے اتحاد نہیں ہوسکتا اور اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں  نواز شریف اور بے نظیر اپنی مرضی سے بیرون ملک موجود ہیں  اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں کوئی اتحادی ناراض نہیں ہے  ایم ایم اے کی طرف سے استعفوں کا فیصلہ موخر کر نا جمہوریت کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا  فاٹا کے عوام محب وطن ہیں فاٹا میں مسلم لیگ کو مضبوط بنایا جائیگا انہوں نے یہ بات مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ فاٹا کے عہدیداروں کی تقریب حلف بر داری سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی تقریب حلف بر داری سے مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے بھی خطاب کیا چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ فاٹا کے عوام محب وطن ہیں اور ہمیشہ ملک کے دفاع اور سالمیت کے لئے قربانیاں دی ہیں فاٹا کے عوام پاکستان اور اسلام سے محبت کرتے ہیں فاٹا کے مسائل کا سیاسی حل نکالنے کی خواہش ہے جوواقعات پیش آئے ہیں ایسے واقعات پیش نہیں آنے چاہئیں تھے انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں کو غیر علاقہ قرار دینے کی سوچ تبدیل کر نے کی ضرورت ہے فاٹا کو اسلام آباد اور دیگر شہروں کے برابر ترقی دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے نے استعفوں کا ارادہ ترک کرکے اچھا فیصلہ کیا ہے  اچھی روایت قائم ہوئی ہے اب ہمیں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس سے تلخی کی فضا پیدا ہو چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ علماء کمیٹی کی سفارشات پر بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا ہے اس بل پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کر کے اتفا ق رائے پیدا کیا جائیاگ اس بل سے خواتین کو مزید حقوق ملیں گے صدر مشرف نے بھی اپنی تقریر میں اس بل کا تفصیل سے ذکر کیا ہے ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کوئی بھی اتحادی ناراض نہیں ہے اگر کسی کے گلے شکوے ہیں تو انہیں دور کر نے کے لئے تیار ہیں حکومت کا فرض ہے کہ اگر کوئی ناراض ہے تو اس کی ناراضگی دور کی جائے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بعض رہنما یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ان کی جماعت کی حکومت سے کوئی ڈیل ہورہی ہے ایسی خبروں کا مقصد یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کو قائم رکھا جائے پیپلز پارٹی سے مسلم لیگ کا کبھی اتحاد نہیں ہوسکتا الیکشن میں پیپلز پارٹی سے مقابلہ ہوگا ایک اورسوال پر انہوں نے کہاکہ نواز شریف اپنی رضا مندی اور معاہدہ کرکے باہر بیٹھے ہیں جبکہ بے نظیر واپس نہیں آنا چاہتیں انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ امتیاز شیخ کا مسلم لیگ پگاڑا میں جانا معمول کی بات ہے ۔