کراچی میں ٹریفک حادثہ‘ 6 افراد ہلاک‘ 10 زخمی

اتوار 10 دسمبر 2006 12:12

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10دسمبر2006 ) کراچی میں ٹریفک حادثہ‘ چھ افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے ہیں‘ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ناردرن بائی پاس روڈ پر دو ٹرکوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے چھ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہمدرد یونیورسٹی کے قریب ناردرن بائی پاس کے دونوں کناروں کی مرمت کی وجہ سے سڑک کے اطراف بجری اور پتھر رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کی صبح چار بجے نواب شاہ سے آنے والا سرکنڈوں سے بھرا ٹرک بجری میں پھنس گیا اس دوران حب سے جستی چادریں لے کر ٹول پلازہ کی طرف جانے والا ٹرک اس سے ٹکرا گیا حادثے میں چھ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جن میں محمد لقمان‘ رحیم مہر‘ حاجی گل محمد مہر‘ محمد رفیق‘ اشفاق خان اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے سات افراد کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول ہسپتال اور تین کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مرنے والوں اور زخمیوں کا تعلق ضلع نواب شاہ کے علاقے دولت پور سے ہے۔ حادثے کے باعث ناردرن بائی پاس پر ٹریفک تین گھنٹے تک جام رہا۔

متعلقہ عنوان :