جنگ بندی لائن پر واقع نصف درجن دیہات پر بھارتی فوج کا قبضہ ۔ دیہاتی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

اتوار 10 دسمبر 2006 13:17

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10دسمبر2006 ) بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کی جنگ بندی لائن پرواقع دیہات سے عوام کو بے دخل کر کے وہاں بارودی سرنگیں نصب کر دیں-اطلاعات کے مطابق ضلع کپواڑہ کے کیرن‘بگنہ‘بور‘بچوال‘کھوڑیاں‘کینتھا والی ‘جمگنڈ علاقوں کو بھارتی فوج نے خالی کر کے مکانوں پر قبضہ کر لیا ہے-جبکہ ان علاقوں میں تمام تجارتی اور رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا ہے اور مکین سرینگر اور کپواڑہ کے علاقوں میں کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں-اطلاعات کے مطابق ان علاقوں کے ہزاروں افراد نے جدوجہد آزادی کے آغاز پر بھارتی فورسز کے شدید مظالم اور مارٹر حملوں کے بعد جنگ بندی لائن عبور کر لی اور ان میں سے بعض وادی کے شہری علاقوں میں چلے گئے تاہم حکومت نے اپنے گھروں سے بے دخل کئے گئے افراد کی آبادکاری کی طرف توجہ نہ دی جبکہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے نکالے گئے پنڈتوں کی آبادکاری پر اپنی تمام توجہ مرکوز کر دی- اس کے خلاف سرینگر میں گھروں سے نکالے گئے افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت مقبوضہ وادی میں ان کی آبادکاری کا منصوبہ بنائے اور ان کو تعمیرات اور اراضی کا معاوضہ دیا جائے-

متعلقہ عنوان :