پیپلز پارٹی سے نہ کوئی ڈیل اور اتحاد ہوا ہے نہ مستقبل میں ہو گا‘ہم نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلے کا احترام کیا ہے ۔محمد علی درانی ، نگران حکومت آئین کے مطابق بنے گی اور الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے ‘ ہر پارٹی کیساتھ رابطہ ہے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی موجودہ پوزیشن پاکستان اور انکے مفاد میں ہے ‘نیشنل ولنٹیئرموومنٹ کے زیر اہتمام کلین پاکستان مہم کا آغاز کرنے کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

اتوار 10 دسمبر 2006 17:28

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10دسمبر2006 ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہو ں کہ پیپلز پارٹی سے نہ کوئی ڈیل اور اتحاد ہوا ہے اور نہ ہی مستقبل میں ہو گا۔ آصف علی زرداری سمیت کسی بھی پاکستانی پر نہ تو ناجائز مقدمہ بنایا جا رہا ہے اور نہ ہی بنائینگے ۔ڈاکٹر عبدالقدیر کی موجودہ پوزیشن پاکستان اور انکے مفاد میں ہے ۔

ہم نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلے کا احترام کیا ہے ۔ نگران حکومت آئین کے مطابق بنے گی اور الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے ۔ پاکستان کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں کہ بلوچستان کی عوام ہر لحاظ سے انکے ساتھ ہے ۔ ہر پارٹی کے ساتھ رابطہ ہے اور سب کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل ولنٹیئر موومنٹ کے زیر اہتمام کلین پاکستان مہم کا آغاز کرنے کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹاؤن ناظم سمن آباد میاں جاوید علی ‘ادارہ اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب اور دیگر بھی موجود تھے ۔ محمد علی درانی نے کہا کہ حکومت کے خلاف باتیں کرنے والوں کا انتخابات میں سامنا کرینگے اور یہ گلی محلوں اور سڑکوں پر بھی کھڑے نہیں ہو سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت کے خلاف پراپیگنڈے کر رہے ہیں وہ اپنے آپ کو میڈیا میں زندہ رکھنا چاہتے ہیں ۔

آئندہ عام انتخابات کسی کے کہنے پر نہیں ہونگے بلکہ دستو رکے مطابق اپنے مقرر ہ وقت پر ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف ہر جگہ خطاب کر رہے ہیں اگر کسی کو انکے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے کوئی اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرے انہوں نے اپنی ہر آئینی ضرورت کو پورا کیا ہے ۔ اگر کوئی سمجھے کہ انہوں نے کوئی آئینی ضرورت پوری نہیں کی تو وہ بھی عدالت میں جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام مضبوط پاکستان اور اسکی سالمیت کے حق میں ہے اور انہوں نے پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والوں کو مسترد کر دیا ہے ۔ کیونکہ صدر جنرل پرویز مشرف جس طرح بلوچستان کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں وہ اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ محمد علی درانی نے کہا کہ استعفوں کی باتیں ‘پارٹی کے اندر آمریت اور اتحادوں کو ون پارٹی پر چلانے والے بھی تو غیر آئینی اور غیر جمہوری کا م کر رہے ہیں ۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کلین پاکستان کی جس مہم کا آغاز آج سے کیا ہے اسے بہت جلد پورے ملک میں پھیلا یا جائیگا۔ کوئی ملک اس وقت ترقی یافتہ ممالک میں شامل نہیں ہو سکتا جب تک اس کے گلی محلے اور سڑکیں صاف نہ ہوں ہم اس کام کو عباد ت سمجھ کر رہے ہیں ۔سابق حکومتوں نے تو صرف باتیں کی ہیں مگر ہم عملی طور پر کام کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو شروع کرنے میں حکومت پنجاب اور ضلعی حکومت کا مکمل تعاون ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں ۔ ہم اس ملک کو ایسا بنانا چاہتے ہیں جس میں ہر شہری کو اس کے بنیادی حقوق ملیں اور ملک ترقی کرے ۔ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک کے بڑے بڑے لیڈر اس مہم میں شریک ہونگے ۔ اس مہم میں بہت سی رکاوٹیں اور مشکلات بھی آئینگی مگر ہم اسے جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھاتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران یونین کونسلوں میں صفائی کے مقابلے بھی کروائے جائینگے اور جو یونین کونسل پوزیشن حاصل کریگی اسے وفاقی اور صوبائی حکومت خصوصی گرانٹ بھی دے گی ۔ اس کلین پاکستان مہم کو پورے ملک میں یونین کونسل کی سطح تک پھیلایا جائیگا۔ اس موقع وفاقی وزیر نے مہم میں شریک ہونے والے 500طلباء و طالبات سے حلف بھی لیا اور مہم کا آغاز بقاعدہ جھاڑ و سے صفائی کر کے کیا ۔ اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا ۔