مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے‘ میر واعظ عمر فاروق

پیر 11 دسمبر 2006 20:06

نئی دہلی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین، 11دسمبر 2006ء ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت فوری طور پر کشمیر سے اپنی فوجیں واپس لائے، دورہ آئرلینڈ اور ناروے کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہاں ہونے والے امن معاہدہ کا بغور جائزہ لوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناروے اور آئر لینڈ کے دورے سے قبل یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورہ کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہاں پر ہونے والے امن معاہدوں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلفاسٹ کے دورے کے دوران وہ گڈ فرائی ڈے پیس ڈیل سے متعلق آگاہی حاصل کریں گے اور تنازعے کے فریقوں سے ملنے کی کوشش بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ وہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ آئرش اور کشمیریوں کے مسائل میں کیا مماثلت ہے اور کیا یہ معاہدہ کشمیر کے تنازع کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اوسلو میں سری لنکا کی حکومت اور تامل باغیوں کے درمیان امن مذاکرات میں شامل سفارتی نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ میر واعظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے فوری طور پر کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاء کا مطالبہ کیا۔