اگر اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری نہ کی تو مارشل لا کی راہ ہموار ہو گی ۔وفاقی وزیر اعجاز الحق ،قاضی حسین احمد ‘مولانا فضل الرحمن سیاسی تدبر ‘سیاسی حکمت اور ذہانت کو سیکھیں اور اس پر عمل پیرا ہوں۔صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 14 دسمبر 2006 16:34

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14دسمبر2006 ) وفاقی وزیر مذہبی امور و حج اعجاز الحق نے کہا ہے کہ اگر اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری نہ کی تو مرشل لا کی راہ ہموار ہو گی۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ قاضی حسین احمد اور مولانا فضل الرحمن سیاسی تدبر ‘سیاسی حکمت اور ذہانت کو سیکھیں اور اس پر عمل پیرا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں حاجی کیمپ کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر حج آفتاب زیدی بھی موجود تھے ۔ اعجاز الحق نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملکر کوشش کریں کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں ۔ جبکہ کچھ جماعتیں انہیں توڑنے کے در پر ہیں جو اصل میں مارشل لا کی راہیں ہموار کرنے کے مترادف ہیں ۔ قاضی حسین احمد کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمن زیادہ زیرک سیاستدان ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹر کے خلاف کاروائی کیلئے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جس میں ایک کمیٹی سعودی عرب میں بھی بنائی گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں شکایات کے ازالے کیلئے پاکستان میں بھی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جن کی نگرانی پاک فوج کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ حاجیوں کیلئے مکہ شریف میں 8ڈسپنریاں اور 60بیڈ پر مشتمل ہسپتال بنایا گیا ہے ۔ مدینہ شریف میں بھی ڈسپنریاں بنائی گئی ہیں ۔ جس کیلئے پاکستان سے اڑھائی سو ڈاکٹر اور 550خادم موجود ہونگے ۔