حسبہ بل پر حکم امتناعی جاری‘ سپریم کورٹ نے گورنر سرحد کو دستخط کرنے سے روک دیا، گورنرسرحد‘ سپیکر سرحد اسمبلی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کردیئے۔ مزید سماعت جنوری کے تیسرے ہفتے میں ہوگی

جمعہ 15 دسمبر 2006 13:10

(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15دسمبر2006 ) سپریم کورٹ نے حسبہ بل کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا ہے اپنے جاری کردہ مختصر حکم میں عدالت نے گورنر سرحد کو بل پر دستخط کرنے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد اسمبلی کے پاس کردہ حسبہ بل 2006 پر سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک عملدرآمد نہیں ہوگا اور اس بل کو تا حکم ثانی قانون تصور نہیں کیا جائے گا عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت کے لئے حکومت سرحد بذریعہ چیف سیکریٹری ایڈووکیٹ جنرل سرحد اور سپیکر صوبائی اسمبلی نوٹسز جاری کر دئے ہیں ریفرنس کی مزید سماعت جنوری کے تیسرے ہفتے میں ہو گی چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ کے روبرو اپنے ابتدائی دلائل میں اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ سرحد حکومت نے سپریم کورٹ کی جانب سے غیر آئینی قرار دی گئیں شقیں جن میں وفاقی محتب کا قیام حسبہ پولس کا استعمال اور وزیر اعلی کے اپیل کی سماعت کے اختیار شامل ہیں کو من و عن اس بل میں شامل کر دیا ہے جبکہ علام کی تعریف اور قرآن و سنت کی تشریح کے سوابدیدی اختیار پر مشتمل شیقیں بھی اس بل میں سے حذف نہیں کی گئیں عدالت کے ایک سوال کے جواب میں اٹارنی جنرل نے کہا سپیکر نے اس بل کو منی بل قرار دے کر گورنر کو اس بل کو واپس دوبارہ غور کے لئے بھیجے جانے کے اختیار سے بھی محروم کر دیا تھا۔