ترقی و امن کے مخالفوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم شوکت عزیز،ایسے لوگوں کو کسی صورت عوام معاف نہیں کریں گے۔ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ فتح حاصل کرے گی۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اس کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے‘ پاکستانی قوم چیلنج کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔ریلوے کے مزدوروں اور ملازمین کی مراعات کیلئے دی گئی تمام تجاویز منظور کریں گے۔ شوکت عزیز کا راولپنڈی اور کراچی کے درمیان چلنے والی پاکستان ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2006 16:00

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16دسمبر2006 ) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی اور امن کی مخالفت کرنے والے ملک دشمن ہیں جنہیں عوام کسی صورت معاف نہیں کریں گے اور مسترد کردیں گے‘ ایسے لوگ کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا‘ ملک میں کوئی قانون اسلامی اقدار کے منافی نہیں ہے اور نہ بنایا جاسکتا ہے‘ موجودہ اسمبلیاں ہر صورت اپنی مدت پوری کریں گی اور آئندہ الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ق) فتح حاصل کریگی اور ملک میں مزید بہتری لائے گی‘ اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں کہ جتنے ترقیاتی کام اس حکومت کے دور میں ہوئے پہلے کبھی نہیں ہوئے‘ پاکستانی قوم چیلنجوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہے اور اس نے ہر مشکل مرحلے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کیا‘ ریلوے کی ترقی ملک کی مجموعی ترقی کی ضامن ہے‘ ریلوے کے مزدوروں اور ملازمین کی مراعات کیلئے تمام تجاویز منظور کریں گے‘ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور اس کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر پاکستان ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ‘ وزیر مملکت اسجد ملہی اور چیئرمین ریلوے بورڈ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔ اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ وہ عناصر جو ملک کی ترقی اور امن نہیں چاہتے وہ ملک دشمن ہیں اور عوام انہیں مسترد کردیں گے ایسے لوگ اپنے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں ہر صورت ناکامی ہوگی ایسے لوگوں کو عوام ہرگز معاف نہیں کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب دنیا میں بھی پاکستان کی بہتری کی بات ہورہی ہے انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جتنے ترقیاتی کام اس حکومت میں ہوئے ہیں وہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ ہماری قوم چیلنجوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہے ہر مشکل مرحلے میں قوم نے سیسہ پلائی دیوار بن کر چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے جب پڑوس میں ایٹمی دھماکہ ہوا تو ہر شخص ایک دوسرے سے یہ پوچھتا تھا کہ اب کیا ہوگا لیکن اس مشکل صورتحال میں بھی ہم نے متحد ہو کے ایٹمی دھماکہ کیا اور ایٹمی قوم بن گئے انہوں نے کہا کہ اب ہمیں میزائل پروگراموں میں بھی برتری حاصل ہے اور ہم کسی سے پیچھے نہیں وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کی ترقی ملک کی مجموعی ترقی کی ضامن ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون اسلامی اقدار کے منافی ہے اور نہ بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی پہلی اسمبلی ہے جو اپنی مدت پوری کررہی ہے انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں ہر صورت اپنی مدت پوری کریں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ(ق) الیکشن جیتے گی اور ملک میں مزید بہتری لائے گی انہوں نے مزید کہا کہ جو قومیں پالیسی کا تسلسل برقرار نہیں رکھتیں وہ کامیاب نہیں ہوسکتیں میرا دعویٰ ہے کہ اس حکومت میں اب تک جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی انہوں نے کہا کہ صدر مشرف بھی امن پسند اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں۔

صدر جنرل پرویز مشرف کے لئے شاہ عبدالله نے خصوصی پیغام دیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاہ عبدالله نے کہا ہے کہ جب پاکستان میں ترقی کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں تو انہیں بڑی خوشی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں جبکہ خواتین کو بھی ترقی کے اس عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں اور ملازمین کی مراعات کے لئے وفاقی وزیر شیخ رشید جو بھی تجاویز بھیجیں گے وہ منظور کردیں گے۔ شوکت عزیز نے مزید کہا کہ ریل کا پہیہ چلے گا تو معیشت مضبوط ہوگی معیشت مضبوط ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا ملک خوشحال ہوگا تو عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں ملک کی ترقی کے لئے کام کررہی ہیں جتنی ترقی آج کے دور میں ہوئی ہے اس سے قبل پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی اپوزیشن میں اگر ہمت ہے تو اس ترقی کے عمل کو غلط ثابت کرے خواتین کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین رجیح ہے اس کے لئے مزید قانون سازی کریں گے مگر قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون سازی نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی ایسی جراست کرسکتا ہے اگلے سال الیکشن کا سال ہے پاکستان ایکسپریس چلا کر ریلوے نے ثابت کیا کہ پاکستان ریلوے عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہے اتنے کم کرائے میں ریل چلانے سے لوگ ریل کی طرف آئیں گے ریلوے پاکستان کی یکجہتی کی علامت ہے کراچی سے خیبر تک بچھی ہوئی ریل کی پٹڑی ایک علاقے کو دوسرے علاقے سے ملاتی ہے اس طرح ایک ملک و قوم بنتی ہے جو ملک کی سلامتی یکجہتی اور ترقی کے لئے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی ورکشاپوں میں ٹرینیں اور انجن بنا کر صرف پاکستان کا زرمبادلہ بچایا بلکہ یہ ثابت کیا کہ پاکستانی قوم کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے ایٹم بم بنایا ہم نے ایٹمی میزائل بنائے اور پاکستان میں ریل اور ریل کے انجن بھی بناتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے پاکستان ایٹمی صلاحیت رکھتا ہے کسی نے اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو آنکھیں نکال دیں گے۔

شوکت عزیز نے کہا کہ مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں اگر ان مسائل سے نیک نیتی سے نمٹا جائے تو ملک مزید مستحکم ہوگا انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے سکول و کالج بنائے تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے اس کے بغیر ترقی کسی صورت ممکن نہیں ہے وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ شیخ رشید کو یہ وزارت دی ہے اس لئے کہ یہ فعال اور متحرک ہیں اور انہوں نے وزارت ریلوے کو چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہوئے ثابت کیا کہ وہ اس وزارت کے صحیح حق دار تھے انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک کو ڈبل کیا جارہا ہے ریلوے نے جو تجاویز بھیجیں ہیں انہیں منظور کیا جائے گا تنخواہوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ یہ پہلی اسمبلی ہے جو اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب عوام کی ٹرین ہے عوام کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردیا چھ سو روپے میں کراچی تک کا سفر غریب عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ پچیس دسمبر کو جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جو لگثری ٹرین ہوگی انہوں نے کہا کہ ریل کا پہیہ جتنا تیز چلے گا ملک اتنی ہی تیزی سے ترقی کرے گا شیخ رشید نے کہا کہ پانچ ملین لوگوں کو ریل کی طرف لائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مال بردار ٹرینوں میں اضافے کا ٹارگٹ دیا تھا اس وقت وزارت کے پاس چھ ٹرینیں تھی آئندہ بارہ ٹرینیں کردی جائیں گی انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت پانچ انجن تیار کررہا ہے انہوں نے کہا کہ سوہاوہ سے دینہ تک 55موڑ ہیں جن کو اگر سیدھا کیا جائے تو 38کلومیٹر کا فاصلہ کم ہوگا اور عام ٹرین ڈھائی گھنٹے میں لاہور پہنچے گی کوٹری سے کراچی تک سنگل لائن ہے اگر ڈبل کردی جائے تو ایک گھنٹہ بچ جائے گا انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پلاٹ آکشن کریں گے۔

(ن غ)