اپوزیشن ملک و قوم کی بہتری کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ شوکت عزیز،مسلم لیگ اپنے اتحادیوں کے ساتھ آئندہ الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ پاکستان سیاحت کیلئے دنیا میں بہترین جگہ ہے۔ وزیر اعظم کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو وٹور آپریٹرز کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2006 18:47

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16دسمبر2006 ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اپوزیشن قوم اور ملک کی بہتری کیلئے اور مزید قانون سازی کیلئے حکومت سے تعاون کرے، اس سے ملک میں جمہوریت کو بھی فروغ ملے گا، سیاسی نظام اور بہتر ہو گا اور پارلیمانی سیاست کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ملکی و غیر ملکی ٹور آپریٹرز کے اجتماع سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اپنے اتحادیوں کے ساتھ آئندہ الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو چاہتا ہے کہ افغانستان میں ترقی ہو، افغانستان میں بہتری ہو، افغانستان میں امن قائم ہو کیونکہ بحیثیت ہمسایہ جس کی 1700 میل کی سرحد ہے افغانستان کے ساتھ اگر افغانستان میں خدا نخواستہ حالات اور بگڑتے ہیں تو سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 3 ملین سے زیادہ افغان مہاجرین ہمارے پاس موجود ہیں اور ہم نے ہمیشہ افغان عوام کا ساتھ دیا آڑے وقت میں اور ہمیشہ ہم دیتے رہیں گے مگر ہماری پالیسی کا مقصد یہی ہے کہ افغانستان میں بہتری آئے، ترقی ہو، امن قائم ہوں اس میں افغانستان اور ہمارا دونوں کا فائدہ ہے۔ دریں اثناء ملکی اور غیر ملکی ٹور آپریٹرز کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور منزل پاکستان مہم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لئے دنیا میں بہترین جگہ ہے اور حکومت غیر ملکی سیاحوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی۔