انتخابات سے قبل ضرور وطن واپس آؤں گا، کوئی ڈیپورٹ نہیں کر سکتا،نواز شریف

اتوار 17 دسمبر 2006 20:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل وطن واپس آؤں گا اور دنیا کی کوئی طاقت وطن واپس آنے سے نہیں روک سکتی اور نہ ہی کوئی ڈیپورٹ کر سکتا ہے۔ جنرل پرویز مشرف میری وطن واپسی سے خوفزدہ ہیں ان کو معلوم ہے کہ میرے واپس آنے سے ان کی غیر قانونی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

حکمرانوں کو کشمیر کاسودا نہیں کرنے دینگے ، پاکستان کے عوام غیر آئینی حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کے روز صوبائی رہنماارباب خضر حیات کی رہائش گاہ پر پارٹی ورکروں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں نواز شریف نے کہا کہ حکومت ان کی وطن واپسی سے خوفزدہ ہے اور اسی لئے یہ بیانات دے رہی ہے کہ نواز شریف واپس نہیں آ سکتے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جنرل مشرف جانتے ہیں کہ میری واپسی سے ان کی غیرقانونی حکومت کا خاتمہ ہو جائیگا کیونکہ عوام میرے ساتھ ہیں ۔پارلیمنٹ سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ تمام سیاسی پارٹیاں متفقہ طور پر کرینگی اور ااستعفوں کو آخری حربے پر استعمال کیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی جانب سے سترھویں ترمیم کی حمایت کے باوجود ایم ایم اے کو مشرف حکومت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ فوجی مداخلت ملکی مسائل کی بڑی وجہ ہے اور تمام سیاسی پارٹیوں کو متحد ہو کر ایک پلیٹ فارم سے حکومت کیخلاف جدوجہد کرنا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کو حکومت کیساتھ ڈٰل پر یقین نہیں رکھنا چاہئے بلہ ایک گرینڈ الائنس تشکیل دیا جانا چاہئے ۔انھوں نے حکومت کیجانب سے کشمیر پالیسی پر یو ٹرن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام کوششوں کو مسترد کر دیا جائیگا اور پاکستانی فوجی ڈکٹیٹر وں نے اس فیصلے سے بھارتی فوج کی حمایت کی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) یہ سب کچھ نہیں ہونے دیگی۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کو سیاستدانوں کو ہراساں کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ نواب اکبر بگٹی کو بھی اسی لئے قتل کیا گیا کہ انھوں نے مشرف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کر دیا تھا ۔انھوں نے کہا کہ جنرل مشرف پارلیمنٹ سے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کیلئے سازش بنا رہے ہیں جو کہ جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے ۔انھوں نے کہا کہ تمام کرپٹ افراد مشرف کی ٹیم میں شامل ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وہ انتخابات سے قبل ضرور وطن واپس آئینگے اور کوئی انھیں نہیں روک سکتا مسلم لیگ (ن) ملک بھر میں انتخابات لڑے گی بالخصوص صوبہ سرحد سے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :