Live Updates

مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے صدر جنرل پرویزمشرف کی تجاویز قابل قبول ہیں،مفتی سعید

پیر 18 دسمبر 2006 14:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2006ء) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے صدر جنرل پرویزمشرف کی تجاویز قابل قبول ہیں۔ بھارت کو اس کا مثبت جواب دینا چاہیے ،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سیلف رول کا فارمولہ تیار کر رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر حل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے اس کو ضائع نہیں ہونا چاہیے۔

گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی سرحدیں تبدیل کئے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آسان حد مقرر ہے۔ اٹانومی سیلف رول کا ایک حصہ ہو سکتی ہے جبکہ سیلف رول ایک مکمل نظریہ ہے۔ پاکستانی صدر جنرل پرویزمشرف ایک جراتمند لیڈر ہیں تاہم حکومت پاکستان کو ریاست میں تشدد کا خاتمہ کرنے کے لئے اپنی تمام کوششوں اور وسائل کو بروئے کار لانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے صدر مشرف کے کشمیر کے حوالے سے حالیہ 4نکاتی فارمولہ کا بحیثیت مجموعی خیر مقدم کیا ہے اور وہ اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کہ مرکزی حکومت نے پاکستانی صدر کی تجاویز پر مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ مفتی سعید نے کہا کہ صدر مشرف کشمیر کے حوالے سے جب کوئی بات کرتے ہیں تو کسی بنیاد پر کرتے ہونگے اور بھارت بھی اس کا مثبت جواب دے رہاہے۔

ایک سوال کے جواب میں مفتی محمد سعید نے کہا کہ صدر مشرف نے کئی جرات مندانہ اقدام اٹھائے ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ حکومت پاکستان کو ریاست میں تشدد کے خاتمے کیلئے اپنی کوششوں اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ریاست میں انسانی حقوق کی صورت حال کو بہتر بنانے اور بات چیت کے عمل کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے اندرونی سلامتی کے لئے مقامی نوجوانوں کو پولیس میں بھرتی کر کے صورت حال کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ریاست کی سرحدوں کو تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور اس کے اندر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بقول ان کے آسان حد مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی سالمیت کو متاثر کئے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوئی ایسا میکنزل تیار کرنے کی ضرورت ہے جو دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ ریاستی عوام کیلئے قابل قبول ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے ایک سنہری موقع ہاتھ آیا ہے جسے ضائع کئے بغیر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوہ گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے سیلف رول کا فارمولہ تیار کر رہی ہے جسے آنے والے وقت میں تفصیل کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اناٹومی سیلف رول کا حصہ ہو سکتی ہے۔ جبکہ سیلف رول ایک مکمل نظریہ ہے جو نہ صرف علاقائی سطح پر ریاستی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ ریاست کے آر پار اور بین الاقوامی سطح پر ایک قابل قبول نظریہ ہے۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات