ایم ایم اے حکومت پر وفاق کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے،اپنے منشور اور عوام کے مینڈیٹ کے مطابق کام جاری رکھیں گے،مولانا فضل الرحمن

پیر 18 دسمبر 2006 17:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2006ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی جنرل سیکرٹری ،جمعیت علماء اسلام(ف) کے مرکزی امیر اور قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سرحد حکومت پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے تاھم ایم ایم اے حکومت اپنے منشور اور عوام کی جانب سے دئے گئے مینڈیٹ کے مطابق لوگوں کی خدمت اور صوبے کی ترقی کے لئے اپنا کام جاری رکھے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں رویت ہلال کے مسئلہ کے حل کے لئے علماء کے اجلاس کے دوران وقفے میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم نے شروع دن سے ملک میں جمہوریت کے فروغ اور جمہوری تقاضوں کے مطابق ہر ایک سے تعاون کیا ہے اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ہم سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے متمنی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ایم ایم اے نے نہ پہلے کسی کا دباؤ قبول کیا ہے اور نہ آئندہ کرے گی وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہے ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے متحدہ مجلس عمل پر دباؤ تھا کہ یہ استعفے دیں تاکہ یہ (وفاقی حکومت)ضمنی انتخابات کرالیں اس میں ناکامی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب ہم پر یہ دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ ہم استعفے نہ دیں تاھم اس بارے میں حتمی فیصلہ ایم ایم اے کے سپریم کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمارے خلاف نیں بلکہ امریکہ ہمارا مخالف ہے اور اس مقصد کے لئے وہ مرکزی حکومت کو استعمال کررہا ہے صوبے اور ملک بھر میں ایک دن منانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پورے ملک میں ایک دن عید کرنے کے لئے ہم نے صوبے کے علماء کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں امید ہے کہ اچھی تجاویز آئیں گے انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہماری کوشش ہے کہ مساجد میں نجی رویت ہلال کمیٹیاں از خود عید کا فیصلہ کرنے کے بجائے شہادتیں ایک مرکز پر بھجوائیں جہاں سے متفقہ طور پر اعلان ہو ۔