حسبہ بل سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تیار کیا گیا ، اس میں اپوزیشن کی ترامیم بھی شامل کی گئیں ہیں،لہٰذا ہم سپریم کورٹ میں دلائل کے ساتھ قانونی جنگ لڑیں گے،اکرم خان درانی

پیر 18 دسمبر 2006 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2006ء) صوبہ سرحدکے وزیراعلیٰ اکرم خان درانی نے کہا ہے حسبہ بل سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تیار کیا گیا اور اس میں اپوزیشن کی ترامیم بھی شامل کی گئیں ہیں۔ لہٰذا ہم سپریم کورٹ میں دلائل کے ساتھ قانونی جنگ لڑیں گے اور عدالت عظمیٰ ہمارا موقف سنے گی۔ انہوں نے یہ بات ہری پور سے آئے ہوئے متحدہ مجلس عمل اور جے یو آئی ہری پور کے ایک وفد سے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کہی۔

جس کی قیادت مولانا محمد امجد خان اور مولانا جمیل الرحمن کر رہے تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقہ میں لوگوں کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اور سڑکوں کی تعمیر، سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی اور پل کی تعمیر سمیت بعض دیگر مطالبات پیش کئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد سیاست کرنا نہیں بلکہ ہم حقیقی معنوں میں عوام کی خدمات کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے ہم نے بلا امتیاز صوبہ کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں اور یہ اعزاز صرف ایم ایم اے کی حکومت کو حاصل ہے کہ اس نے چار سالوں میں جو ترقیاتی منصوبے مکمل کئے وہ سابقہ حکومتیں مل کر بھی نہ مکمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ مشن جاری رہے گا اور ایم ایم اے آئندہ الیکشن میں اپنی اس کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہری پور ضلع کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ضلع میں کئی بڑے اہم منصوبوں کی منظوری دی جو اب تعمیری مراحل سے گزر رہے ہیں جن میں ہسپتالوں کا قیام، تعلیمی اداروں اور سڑکوں کی تعمیر قابل ذکر منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور کو اسلام آباد سے ملانے کیلئے دامن کوہ تک سڑک کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے جب کہ انہوں نے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تربیلہ جھیل کے ذریعے آمد و رفت کی بجائے وہ پل کی تعمیر کا جائزہ لیں گے اور مناسب وقت پر اس کا فیصلہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو خوشحالی سے ہمکنار کرنے اور ان علاقوں میں ترقیاتی عمل کو پروان چڑھانے کیلئے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں لہذا یہی وجہ ہے کہ وہ کالا ڈھاکہ میں پل کی تعمیر کو معینہ مدت میں مکمل کرنے پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ ہری پور میں جاری ترقیاتی منصوبے پروگرام کے مطابق مکمل کئے جائیں گے اور اس ضمن میں فنڈز کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔ وفد میں شامل قاضی محمد صادق، حاجی خوشی محمد اعوام، ملک کرم داد، سخاوت خان، دلشاد خان، مفتی شمس الحق، قاری زبیر احمد اور حاجی محمد قیوم بھی شامل تھے۔جنہوں نے ان کے مسائل ہمدردانہ طور سننے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔