حکمران جماعت قومی ایشوز کو حل کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کیلئے تیار ہے،وزیر اعظم،اہم ملکی مفادات پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ متحد و متفق ہو کر فیصلے ہو کر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں ، آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، پاکستان مسئلہ کشمیر بارے اپنے موقف پر قائم ہے اور اس سلسلے میں تمام تجاویز بھارت کو دیدی ہیں، اب دیکھنا ہے کہ بھارت کس حد تک لچک کا مظاہرہ کر سکتا ہے ،معاشرتی ترقی کیلئے لیگل فریم ورک پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا منہ توڑ جواب دیں گے، معاشی و سیاسی استحکام کے بغیر خوشحال پاکستان کا تصور ممکن نہیں، شوکت عزیز کا مختلف تقاریب سے خطاب۔تفصیلی خبر

منگل 19 دسمبر 2006 13:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اہم ملکی مفادات پر سب جماعتیں متحد اور متفق ہو کر فیصلے کریں اور حکمران جماعت قومی ایشوز کو حل کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لئے تیار ہے۔ آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور مسلم لیگ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہی حصہ لے گی۔

پاکستان مسئلہ کشمیر بارے اپنے موقف پر قائم ہے اور اس کے لئے اپنی تجاویز بھی دیدی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ اس پر بھارت کس حد تک لچک کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ معاشی و سیاسی استحکام کے بغیر خوشحال پاکستان کا تصور ممکن نہیں ۔ معاشی ترقی کی مطلوبہ رفتار تیز کرنے کیلئے لیگل فریم ورک بنایا جا رہا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان سوسائٹی آف ڈویلپمنٹ اکانومسٹس اور پائنا ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پائنا ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ قومی مفاہمت کے لئے حکومت کے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے موجود ہیں ہماری کوشش ہے کہ اہم ملکی مفادات پر سب جماعتیں متحد اور متفق ہو کر فیصلے کریں۔

حکمران جماعت قومی ایشوز کو حل کرنے کیلئے تمام جماعتوں سے مشاورت کے لئے تیار ہے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام موجود ہے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کر رہی ہے۔ شوکت عزیزنے کہا کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور مسلم لیگ (ق) اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس میں حصہ لے گی انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ اس کے لئے وفاقی ، صوبائی اور ضلعی سطح پر خصوصی فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے اور اس کے لئے اپنی تجاویز بھی دیدی ہیں اب دیکھنا ہے کہ بھارت اس پر کس حد تک لچک کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔

اس بارے میں بھارتی قیادت ہی بتا سکتی ہے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی سالمیت عزیز ہے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ تو ڑجواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت اتحاد اور اتفاق میں مضمر ہے۔ وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کے بغیر خوشحال پاکستان کا تصور ممکن نہیں اور حکومت انہی خطوط پر کام کر رہی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں معاشی اصلاحات کا عمل جاری ہے ۔اس میں تین باتوں پر توجہ دی جا رہی ہے جن میں مارکیٹ بیسڈ اکانومی ،پالیسیوں کا تسلسل اور گڈ گورنس شامل ہیں۔ وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہاکہ معاشی ترقی کی مطلوبہ رفتار کو تیز کرنے کے لئے لیگل فریم ورک بہتر بنایا جارہا ہے اور اس پر کوئی سجمھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے ماحو ل ساز گار ہے اور اسے مکمل تحفظ حاصل ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی ایسا روڈ میپ بنا رہی ہے کہ آنے و الے وقت میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدالتوں ،سول سرو سز،اجارہ داری کنٹرول اتھارٹی اور پولیس کا نظام شفاف بنا یا جارہا ہے اور اس میں حائل رکاوٹو ں کو خاصی حد تک دور کر لیا گیا ہے ۔وزیر اعظم نے سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی استحکام کو اہم قراردیااور کہا کہ ملک میں مہنگائی کم کرنے اور بجلی اور گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ ڈیولپمنٹ اکنامکس ندیم الحق نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔