انتخابات کا اعلان ہوتے ہی بینظیر وطن واپس آئینگی،آصف زرداری نہیں آئینگے، حاکم علی زرداری ،خود مختار اور آزاد الیکشن کمیشن ملک کی اہم ضرورت ہے ، بیگم عابدہ حسین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت

منگل 19 دسمبر 2006 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2006ء) سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے سسر حاکم علی زرداری نے کہا ہے کہ اگرچہ جنرل پرویز مشرف کی موجودگی میں ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بینظیر بھٹو عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی ملک میں واپس آجائیں گی تاہم آصف علی زرداری وطن واپس نہیں آئیں گے۔ وہ منگل کو اپنی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین میں شامل ہونے والی سابق وفاقی وزیر بیگم عابدہ حسین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

حاکم علی زرداری نے کہا کہ خود مختار اور آزاد الیکشن کمیشن ملک کی اہم ضرورت ہے لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکے گا، شناختی کارڈ بھی ان لوگوں کو جاری کئے جائیں گے جو حکومت کے حامی ہیں اور ووٹر لسٹوں میں نام بھی حکومت کے حامی لوگوں کے شامل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو خود مختاری ملنا چاہیے اور اسلام آباد کو کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ صوبوں پر زبردستی من مانی کرے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اکبر بگٹی کی ہلاکت المناک باب ہے اس سے بلوچستان کے لوگوں میں نفرتیں جنم لے رہی ہیں، مارپیٹ کبھی بھی کسی مسئلے کا حل نہیں رہی ہے بالآخر بات چیت کرنا پڑتی ہے جب غیر ممالک سے بات چیت ہوسکتی ہے تو اپنے لوگوں سے بات چیت کرنے میں کیا حرج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فوج کشی سے بیرونی ممالک میں منفی پیغام گیا ہے آج بھی بلوچستان کے 4 تا 5 سو افراد تاحال غائب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت خود مختاری دینے کا ڈھنڈورا پیٹنا چھوڑ دے اور چارٹر کے مطابق خود مختاری دے۔

متعلقہ عنوان :