لیاقت بلوچ کا میاں نواز شریف کی طرف سے اے پی سی بلانے کے فیصلے کا خیر مقدم

بدھ 20 دسمبر 2006 18:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20دسمبر۔2006ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے وحدت کالونی ، شاہ کمال اور علامہ اقبال ٹاؤن میں متحدہ مجلس عمل کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی وردی کی طاقت کے ساتھ جنرل پرویز مشرف نظریہ پاکستان ، قومی سلامتی اور قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

خطرناک اور المناک حالات یہ ہیں کہ فردواحد کی وجہ سے پوری قوم فوج کے ادارے کے خلاف ہو رہی ہے۔ عوام اور فوج کے درمیان بے اعتمادی کی خلیج دشمن کیلئے ترنوالہ بننے کے مترادف ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف ہر قیمت پر اقتدار پر قابض رہنا چاہتے ہیں۔ بے وفا سیاستدان اور سرکاری وسائل پر لوٹ مار کرنے والا حکمران ٹولہ وردی کے سائے میں اقتدار پر براجمان رہنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ان آمرانہ اور غیر جمہوری عزائم کی وجہ سے شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے جنرل پرویز مشرف اور فوج کو سیاست سے بے دخل کرنے کی تحریک چلانی پڑے گی ۔ حدود اللہ کی منسوخی پر ایم ایم اے استعفوں اور تحریک پریکسو ہے ۔ مرکزی سپریم کونسل کے اجلاس میں اتفاق رائے سے تمام امور طے ہو جائیں گے۔ متحدہ مجلس عمل کو نقصان پہنچانے کے حکومتی عزائم خاک میں مل جائیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ہی جاگیرداروں اور اسٹیبلشمنٹ کا 16 کروڑ عوام پر غاصبانہ قبضہ ختم کرے گی ۔ لیاقت بلوچ نے میاں نواز شریف کی طرف سے اے پی سی بلانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے ۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اختلاف اور تحفظات ختم کرکے جرنیلی آمریت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اور جدوجہد کرنے کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔ ورکرز کنونشن میں مہنگائی ، بیروزگاری اور بدامنی پر مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں کہ حکومت عوام کو جان ، مال اور عزت کا تحفظ دینے میں ناکام ہے۔