مسئلہ کشمیر،میری تجاویز پر مثبت پیشرفت کی توقع ہے، صدر مشرف کی یورپی یونین کے وفد سے گفتگو

بدھ 20 دسمبر 2006 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20دسمبر۔2006ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور سلامتی چاہتا ہے اور اس مقصد کیلئے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کا عمل شروع کیا گیا ہے، پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تجارتی اور اقتصادی شعبے میں یورپی یونین کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں یورپی یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ان کی تجاویز کے نتیجے میں مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے تاکہ خطے کے کروڑوں عوام کو امن و خوشحالی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ مختلف شعبوں خصوصاً تجارت اور اقتصادی شعبے میں یورپی یونین کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوں۔