پی آئی اے کی پروازوں میں تاخیر کی وجہ سے اووسیزپاکستانیوں کا اعتمادختم ہورہا ہے۔ ضراربخاری

جمعرات 21 دسمبر 2006 11:44

اوسلو (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21دسمبر2006 ) نارویجن پاکستانی سیاستدان اور ناروے کے علاقے ”شسمو“ کی اسمبلی کے رکن ضراربخاری نے کہا ہے کہ پی آئی اے سے متعلق بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے سمندرپارپاکستانیوں کا حکومت پاکستان پر اعتمادختم ہورہا ہے۔بدھ کے روزپاکستان سے ناروے آنے والی پروازمیں چوبیس گھنٹے کی تاخیرپرتبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی آئی اے نے اپنے رویے سے پاکستانیوں کا اعتماد کھودیا ہے ۔

خاص طور پر ناروے روٹ پر پی آئی اے نے اپنی من مانی کی ہوئی ہے اورٹکٹ کی قیمت پہلے ہی اس روٹ پر دوسری ائرلائنوں کے مقابلے میں مہنگی ہے اورسردیوں اور گرمیوں میں چھٹیوں کے موقع پر ہائی سیزن کے بہانے ٹکٹ مزید مہنگی کی جاتی ہے جس سے ناروے میں مقیم پاکستانی بہت تنگ ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بیان میں کہا کہ گذشتہ سال بھی پی آئی اے کی ٹکٹ مہنگی کی گی تھی اور ائرلائن کا رویہ منفی ہوگیا تھاجس پر لوگوں نے سخت احتجاج کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ اگر پی آئی اے قبلہ درست نہ کیا گیا تو اس سے پاکستان کے مفادات کو سخت نقصان پہنچ سکتا۔ ہے۔ناروے میں محب الوطن پاکستانی لاکھوں روپے خرچ کرکے پاکستان جاتے ہیں اور افسوس پاکستان کا ایک قومی ادارہ ان کے ساتھ اس طرح کا نامناسب رویہ اختیارکرتاہے۔صدر مشرف نے بھی جنوری میں اپنے دورہ ناروے کے موقع پرلوگوں سے پی آئی اے کے مسائل حل کرنے اور ٹکٹ کی قیمت چھ ہزارکراؤن کروانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ ابھی تک وفا نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ میں بدھ کے روز پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتاہوں کہ اس کا ازالہ کرے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی ناروے روٹ پر کئی بار پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر ہوئی جس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :