مقبوضہ کشمیر‘مجاہدین کے حملوں میں پولیس آفیسر ہلاک‘دو لاشیں برآمد‘کئی علاقوں کا کریک ڈاؤن۔ دو لڑکیوں پر بھارت سے بغاوت کرنے کا مقدمہ دائراور گرفتاری کے دوران تشدد کے خلاف احتجاج ۔ترال میں خونخوار شیرکی ہلاکت کے بعد گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے ۔ آزاد کشمیر داخل ہونیو الے برما اور بنگلہ دیش کے 5شہری گرفتار

جمعرات 21 دسمبر 2006 13:27

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21دسمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے حملوں میں سپیشل پولیس آفیسر ہلاک ہو گیا جبکہ چھانہ پورہ اور جموں کے علاقوں سے ایک نیپالی مزدور سمیت دو لاشیں برآمد کر لی گئیں-بھارتی فورسز نے ہندواڑہ اور سوپور کی گرفتار لڑکیوں کو گرفتاری کے بعد ان پر بھارت سے بغاوت کرنے کا مقدمہ دائر کرکے انہیں جیل بھیج دیا-تشدد سے ایک لڑکی کے دانت توڑ ڈالے گئے-بھارتی فورسز نے آزاد کشمیر داخل ہونے والے برما اور بنگلہ دیش کے 5شہری حراست میں لے لیے- ترال میں خونخوار شیر کی ہلاک کے بعد گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے ہوئے-ضلع ڈوڈہ کے گنڈوہ علاقے میں مجاہدین نے بھارتی فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کرکے ایک سپیشل پولیس آفیسراوم سنگھ کو شدید زخمی کر دیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال میں چل بسا-پولیس نے اس ہلاکت کی تصدیق کی ہے-سرینگر کے چھانہ پورہ علاقے میں ایک نیپالی مزدور رام بہادرکی لاش برآمد ہوئی ہے-بھارتی پولیس نے ریاسی جموں کے ایک ہوٹل سے ایک معمر شخص کی لاش برآمد کی ہے-ادھر ضلع پونچھ کے بالیوہ علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک خاتون کو ہلاک کر دیا تھاجس کے بعد پولیس نے اس کی لاش کو قبر سے نکالا اورپوسٹ مارٹم شروع کر دیا-بھارتی فورسز نے سرینگر کے زبرون داچھی گام علاقے میں ایک آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے-ضلع بارہمولہ کے قصبہ میں بھارتی فوجی گاڑی نے پہلی پورہ اوڑی کے ایک شہری محمد امین کوکچل ڈالا- جس کے خلاف اوڑی میں احتجاج کیا گیا-بھارتی فورسز نے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ قصبے سے ایک ماہ قبل بارہویں جماعت کی طالبہ خالدہ کو گرفتار کیا جس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا-سرینگر ہائی کورٹ نے مذکورہ لڑکی کی رہائی کے احکامات صادر کئے لیکن اسے رہا نہیں کیا گیا- مذکورہ لڑکی کو جموں کی کوٹ بلوال جیل سے سنٹرل جیل جموں منتقل کیا گیا اطلاعات کے مطابق مذکورہ لڑکی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس کے دانت توڑ ڈالے گئے ہیں دریں اثناء سوپور کے پتوکھا علاقے سے گرفتار کیا گیا ایک لڑکی کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا بھارتی فورسز نے جموں کے ہیرا نگر علاقے سے برما کے تین اور بنگلہ دیش کے دو شہریوں کو گرفتار کر لیا اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ نوجوان جنگ بندی لکیر عبور کر کے آزاد کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں گرفتار کر لیا گیا -ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں سینکڑوں لوگوں نے چھ دیہاتیوں کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا مذکورہ دیہاتیوں نے ایک خونخوار شیر کو پکڑ کر ہلاک کر دیا تھا جو علاقے کے کئی بچوں کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہوجاتا تھا اس پر حکومت نے نوٹس لیا اور شیر کو ہلاک کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا-ان گرفتاریوں کے خلاف لوگوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے معصوم افراد کو حراست میں لے رکھا ہے دیہاتیوں کے مطابق انہوں نے اپنی حفاظت کیلئے مذکورہ شہر کو ہلاک کیا-دریں اثناء جموں کی کوٹ بلوال جیل میں قیدیوں اور بھارتی فورسز کے درمیان زبردست ہنگامہ آرائی کے بعد بھارتی فورسز نے 19 قیدیوں کو پنجاب اور راجھستان کی جیلوں میں منتقل کر دیا جبکہ مزیدچار قیدیوں شوکت علی ڈوڈہ‘ محمد الطاف سرینگر‘ امتیاز احمد بانہال اور گندر سنگھ کٹھوعہ کو بھارت کی جیلوں میں منتقل کیا ہے-