Live Updates

عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر موجودہ حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی،نواز شریف کی تحریک انصاف کے قائد کو یقین دہانی، آئندہ عام انتخابات میں صدر مشرف حسنی مبارک بننے کی کوشش کریں گے اور ہم انہیں ایسا کرنے سے روکنے کیلئے میدان میں آئیں گے،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پریس کانفرنس

جمعرات 21 دسمبر 2006 19:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21دسمبر۔2006ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آل پارٹیز کانفرنس کیلئے تمام جماعتوں سے رابطہ کر رہی ہے ،آئندہ انتخابات سے قبل حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ اے پی سی بلانے کی بجائے ہمیں تحریک کی طرف بڑھنا چاہیے تاہم نواز شریف نے اے آرڈی کو اعتماد میں لینے کیلئے اے پی سی بلائی ہے جس کی ہم حمایت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر عہدیدار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں جمہوریت پسند جماعتوں اور مفاد پرستوں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ جب تک آزاد الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک انتخابات منصفانہ نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر دیگر جماعتوں نے جنرل پرویز مشرف کی موجودگی میں الیکشن میں حصہ لیا تو پھر تحریک انصاف بھی بھرپور طریقے سے حصہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اے آر ڈی کو اور قاضی حسین احمد نے متحدہ مجلس عمل کو تحریک کیلئے تیار کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف دیگر جماعتوں سے رابطہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی مجموعی اقتصادی حالت خراب ہے ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا غریب عوام پر ظلم اور زیادتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مشرف حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے ۔حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کیا تو ہم آزاد کشمیر سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری تمام خارجہ پالیسی امریکہ کی مرضی سے بنائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی خوشنودی کیلئے ہماری حکومت وزیرستان میں عام شہریوں کو ہلاک کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کا مقصد اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے اور نواز شریف نے بھی یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر موجودہ حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی ۔ عمران خان نے کہا کہ صدر مشرف فیصلہ کرچکے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں حسنی مبارک بننے کی کوشش کریں گے اور ہم انہیں ایسا کرنے سے روکنے کیلئے میدان میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی دوسری جماعت میدان میں نکلے یا نہ نکلے تحریک انصاف میدان میں آئے گی اور اگر حکومت کی جانب سے دفعہ 144 لگائی گئی تو وہ بھی توڑ دی جائے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات