ہم نے ناروے میں پی آئی اے کا مسئلہ حل کروانے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔ پاکستانی سینئرسفارتکار

جمعہ 22 دسمبر 2006 11:22

اوسلو (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22دسمبر2006 ) ناروے میں پاکستان کے سینئر سفارتکار اورڈپٹی ہیڈ آف مشن صاحبزادہ احمد خان نے کہا ہے کہ سفارت خانے نے نارو ے روٹ پر پی آئی اے سے متعلق مسائل کو حل کروانے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔اس سلسلے میں لوگوں کی شکایات کو بروقت متعلقہ حکام تک پہنچایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو ناروے میں پی آئی اے سے متعلق مسائل کے بارے میں یہاں کے اخباردی ایشنزکو بتایا کہ پی آئی اے کے مسئلے پر لوگوں کی گزارشات حق بجانب ہیں اورجہاں تک ان کی شکایات کے ازالے کا تعلق ہے تو سفارت خانے نے پچھلے سال بھی اوراس سال دوبارہ چیئرمین پی آئی اے سے لے کر وزیراعظم، وزارت خارجہ ، وزارت دفاع کے دفاتر اور دوسرے متعلقہ محکموں کو خطوط ارسال کئے ہیں۔

لوگوں کو سب سے زیادہ پی آئی اے کے کرایوں کے حوالے سے شکایات تھیں۔

(جاری ہے)

دوسری شکایات جہازمیں سیٹوں اور پروازوں میں بے قاعدگی اور تاخیر کے متعلق تھیں یعنی جہازبعض اوقات تاخیر سے روانہ ہوتے ہیں اورسیٹیں نہیں ملتیں۔ایک اور مسئلہ یہ کہ جاتے ہوئے بکنگ کنفرم ہوتی ہے لیکن واپسی کے لیے کافی مشکلات پیش آتی ہیں۔ان سارے مسائل کے بارے میں لوگوں کی شکایات پی آئی اے کو بھیجی ہوئی ہیں ۔

کرایوں کے حوالے سے پی آئی اے کاموقف ہے کہ ایندھن (پٹرول) کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں اور اس سے کرایوں پر بھی اثر پڑتا ہے۔ پی آئی اے کا دوسرا موقف یہ بھی ہے کہ نارو ے روٹ پر ائرلائن کی تمام پروازیں فل جاتی ہیں اور لوگ بھی پی آئی اے پر سفر کو ترجیح دیتے ہیں تو ہم کس طرح کرائے کم کردیں ۔اس پر سفارت خانے نے پی آئی اے والوں کو لکھا تھا کہ پاکستانیوں کی طرف سے پی آئی اے پر سفر کو ترجیح دینے کا یہ مطلب نہ لیا جائے کہ ان لوگوں کو جو قومی ائرلائن پر محب الوطنی کی بناپر سفرکرتے ہیں ،تکلیف میں مبتلاء کیا جائے اور ان کے کرائے بڑھا دیئے جائیں۔

اس سلسلے میں پاکستانی کمیونٹی کے وفد بھی پاکستان گئے جن کی میٹنگ بھی سفارت خانے نے پی آئی اے کے حکام سے طے کرائی۔اب پی آئی اے کا کرایہ موسم کی طرح بڑھتا اور کم ہوتا رہتا ہے ۔ بہرحال ہم پھربھی کوشش کرتے رہیں گے کہ یہ مسئلہ حل ہو۔

متعلقہ عنوان :