مقبوضہ کشمیر‘برفباری کے دوران کریک ڈاؤن گرفتاریوں اور مظالم کے خلاف مظاہرے‘مزید 6 نوجوان گرفتار‘دو بھارتی فوجی ہلاک‘نوجوان لڑکی کو عدالت نے رہا کر دیا

جمعہ 22 دسمبر 2006 13:41

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22دسمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کئی علاقوں کا کریک ڈاؤن کیا اورنصف درجن نوجوانوں حراست میں لے لیا-جس کے خلاف ہندواڑہ‘بیجبہاڑہ اور بڈگام میں احتجاجی مظاہرے ہوئے مجاہدین کے حملوں میں دو بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے- مقبوضہ کشمیر کی عدالت نے لشکر طیبہ کی مجاہدہ لڑکی کو رہا کر دیا-بھارتی فورسز نے سردیوں کے ایام” چلہء کلاں “کے 40دن کے آغاز پر شدید برفباری کے دوران بڈگام اور پلوامہ کے کئی علاقوں کا کریک ڈاؤن کیا اور لوگوں کو گھروں سے نکال کر دن بھر کھلے میدانوں میں رکھا گیا اور ان کی نقاب پوش بھارتی ایجنٹوں کے سامنے شناختی پریڈ کی گئی بھارتی فورسز کی زیادتیوں کے خلاف بڈگام میں لوگوں نے مظاہرے کئے-بھارتی فورسز نے ہندواڑہ‘ِکپواڑہ‘شوپیاں‘ بیجبہاڑہ کے علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران مزید پانچ نوجوانوں کو حراست میں لے لیا-ان گرفتاریوں کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا-ضلع اودھمپور میں مجاہدین نے ایک حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک کر دیئے-ایس پی اودھمپور نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ فورسز نے جنگجوؤں کو پکڑنے کیلئے علاقے کا آپریشن شروع کر دیا ہے-ضلع بارہمولہ کے شیریں علاقے کی ایک لڑکی خالدہ دختر حبیب اللہ ڈارکو کشمیر کی ایک عدالت نے جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ہے جسے بھارتی فورسز نے لشکر طیبہ کی جنگجو قرار دیا تھا خالدہ کو عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے اسے فوری طور پر رہا کر دیا اور اسے بھری عدالت میں والدین کے سپرد کر دیا-