بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستانی تجاویز کو ماننے کیلئے تیار ہے ۔ایس کے سنہا

ہفتہ 23 دسمبر 2006 11:58

پونچھ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23دسمبر2006 ) مقبوضہ جموں وکشمیر کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایس کے سنہا نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستانی تاجویز کو ماننے کے لئے تیار ہے تاہم کشمیر میں مشترکہ کنٹرول کی تجویز بے معنی ہے۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وہ گزشتہ روز پونچھ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر صدر جنرل پرویز مشرف بھارت کے ساتھ تنازعہ کشمیر کو حل کرانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے انہیں سرحد پار دہشت گردی کے کیمپس کو بند کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم ایشوز پر پاک بھارت مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی یہ تسلسل قائم رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم من موہن سنگھ اور وزیر خارجہ پرناب مکھر جی کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان کئی امور پر تفصیلی مذاکرات کے ذریعے باہمی تلخیاں اور غلط فہمیاں ختم ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی فروغ کیلئے مزید راستے کھولنے چاہئیں۔