صدر مشرف ہمار ی تہذیب پر حملہ آور ہیں۔ مولانا فضل الرحمن

ہفتہ 23 دسمبر 2006 16:11

ڈیرہ اسماعیل خان ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23دسمبر2006 ) متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ میں مزید تاخیر کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا ہمارے ملک میں مختلف زبانوں اور قوموں کے لوگ آباد ہیں اسلام نے ہمیں ایک لڑی میں پرو رکھا ہے اسلام سے مزید دوری اختیار کی تو قومیت اور لسانیت ہم سب کو لپیٹ میں لے لے گی جس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے وہ ڈیرہ شہر کے چھوٹا بازار میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت جے یو آئی کے ضلعی سالار رانا محمد رمضان نے کی ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کا راستہ علماء کے اختلافات سے نہیں بلکہ فوجی جرنیلوں اور مغربی تہذیب کے دلدادہ لوگوں نے روکا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف ہماری تہذیبوں پر حملہ آور ہیں اور روشن خیالی کے نام پر ملک میں عریانی اور فحاشی کو فروغ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

علماء کے خلاف بازاری زبان استعمال کررہے ہیں عید الاضحی کے بعد حقوق نسواں بل کے نام پر حدود اللہ کی خلاف ورزی کرنے پر عوام کے پاس جائیں گے اور اسلامی مقاصد کے حوالے سے عوامی بیداری کی مہم چلائیں گے انہوں نے کہا کہ کارکن آئندہ عام انتخابات کی تیاری شروع کردی تاکہ اسلامی نظام کے دشمنوں جنرل مشرف اور ان کی ٹیم کو شکست فاش دے سکیں ۔

یہ لوگ اسلام کا مذاق اڑا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مشرف کہتے ہیں کہ میں نے کرپشن میں کمی کردی ہے اور اوپر کی سطح پر ختم ہوچکی ہے جبکہ پاکستان دنیا بھر کرپٹ ممالک کی فہرست پر 142ویں نمبر پر ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جنرل مشرف قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں وردی اتارنے کا وعدہ کرکے بھی پھر گئے اب قوم ان کے فریبی نعروں میں نہیں آئے گی مولانا فضل الرحمن نے سرحد حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ چار سالہ دور میں صوبہ سرحد کی حکومت نے تعلیم  صحت  زراعت  آبپاشی اور دیگر شعبوں میں کامیاب پالیسیاں دیں اور اصلاحات کیں بین الاقوامی اداروں نے بھی دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سرحد حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :