حکومت کے جانے کا وقت آگیا۔ آمریت کے چہیتوں سے ضرور حساب لیں گے ۔ نواز شریف

قوم کی جنگ لڑنے کیلئے انتخابات سے قبل ہر صورت پاکستان آؤنگا ۔ وفاداریاں تبدیل کرنیوالوں کو پارٹی میں واپس نہیں لیا جائے گا ۔ سابق وزیراعظم

منگل 26 دسمبر 2006 12:33

مرید کے(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26دسمبر2006 ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے‘ بہت جلد آمریت کے چہیتوں سے حساب لیں گے‘ قوم کی جنگ لڑنے کے لئے انتخابات سے قبل ہر صورت پاکستان آؤنگا‘ وفاداریاں تبدیل کرنے اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو کبھی پارٹی میں واپس نہیں لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما چوہدری سجاد چھینہ کوٹیلی فون پر شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ قوم دیکھ چکی ہے کہ کس نے ان کے ساتھ تاریخی دھوکے کئے ہیں روٹی کپڑا اور مکان کس نے چھینا ہے مہنگائی بے روزگاری اور خودکشی کی دلدل میں کس نے پوری قوم کو دھکیلا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے قوم کی خاطر جیل اور جلا وطنی برداشت کی اب قوم کی جنگ لڑنے کے لئے انتخابات سے قبل ہر صورت پاکستان آؤنگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قوم آج جس حال میں ہے دل خون کے آنسو روتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومتی کشتی ڈوب رہی ہے آثار قوم دیکھ رہی ہے اس کشتی کے کئی سواروں نے دوبارہ واپسی کا اظہار کیا ہے نام لے لوں تو تہلکہ مچ جائے انہوں نے کہا کہ قوم سے وعدہ کیا تھا اور قائم ہوں وفاداریاں اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو کبھی واپس نہیں لیں گے۔