مولانا فضل الرحمن اور عبدالغفور حیدری فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جدہ روانہ ہو گئے۔ تمام سیاسی قوتوں کیساتھ ملکر عید کے بعد فیصلہ کن تحریک کا آغاز کرینگے ۔ مولانا فضل الرحمن کی روانگی سے قبل گفتگو

منگل 26 دسمبر 2006 14:54

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26دسمبر2006 ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن اور سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جدہ روانہ ہو گئے ۔جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کی عدم موجودگی میں مولانا امیر حسین شاہ گیلانی قائم مقام امیر اور ملک سکندر خان ایڈووکیٹ قائم مقام سیکرٹری جنرل ہونگے ۔

قائد حزب اختلاف اور جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الراحمن اورمولانا عبدالغفور حیدری نے روانگی سے قبل مولانا محمد امجد خان ‘مفتی محمد عثمان ‘قاری نذیر احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کارکن رابطہ عوام مہم تیز کر دیں ۔ جے یو آئی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے حکومت کی ملک اسلام دشن پالیسیوں کا مقابلہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کریگی ۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حدود کے نام پر غیر شرعی بل کی حمایت کرنیوالے ممبران کی سیاست ختم ہو چکی ہے عوام آئندہ انتخابات میں ایسے ممبران کے خلاف ووٹ دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کیساتھ ملکر عید کے بعد فیصلہ کن تحریک کا آغاز کرینگے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ایوان صدارت الیکشن سیل کا کردار ادا کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔

مجلس عمل عام انتخابات کیلئے تیا ر ہے اور اسی پلیٹ فارم سے آئندہ عام انتخابات لڑینگے اور پہلے سے زیادہ سیٹیں حاصل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن عام انتخابات کیلئے بھی تیاریاں شروع کردیں ۔ آئین کی مکمل پارلیمنٹ کی بالا دستی ‘آزاد الیکشن کمیشن کا قیام اور شخص آمریت کے خاتمے کیلئے تمام جماعتوں کا اکٹھا ہونا وقت کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :