اپوزیشن الیکشن کو بھول کر متفقہ طور پر تحریک چلانے کی تیاری کرے ۔ نواز شریف

بدھ 27 دسمبر 2006 15:49

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27دسمبر2006 ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ صدر مشرف کی قیادت میں کوئی الیکشن منصفانہ نہیں ہو سکتا اس لیے اپوزیشن الیکشن کو بھول کر متفقہ طور پر تحریک چلانے کی تیاری کرے- انہوں نے یہ بات متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد کے نام ایک خط میں کہی جو کہ بدھ کے روز موصول ہوا-جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات شاہد شمسی کے مطابق خط میں میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن مل کر تحریک چلانے کی تیاری کرے کیونکہ موجودہ سیٹ آپ کے اندر صدر مشرف کی موجودگی میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ممکن نہیں ہیں- انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو متفقہ طور پر انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنا چاہئے سابق وزیراعظم نے اپنے خط میں اس بات پر زور دیا کہ ایم ایم اے اور اے آر ڈی اپنی اپنی جگہ حکومت کے خلاف تحریک چلائیں جبکہ تحریک میں دیگر اپوزیشن پارٹیوں کو بھی شامل کیا جائے- میاں نواز شریف نے قاضی حسین احمد کو مختلف اپوزیشن رہنماؤں سے اپنے حالیہ رابطوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا-انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے آل پارٹیز کانفرنس کی میٹنگ بھی طلب کی ہے اور حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلانے کیلئے اے آر ڈی کو متحرک کیا جا رہا ہے- واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں رہنماؤں میں فون پر بھی بات چیت ہو چکی ہے-