ایم ایم اے کے اتحاد کو بر قرار رکھتے ہوئے استعفوں کا درمیانی راستہ نکال لینگے ۔ مولانافضل الرحمن بھی فیصلہ کرلینگے ۔ قاضی حسین احمد

جمعرات 28 دسمبر 2006 19:52

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28دسمبر2006 ) متحدہ مجلس عمل کے صدر اور جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ تمام دیی و سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر فوجی جرنیلوں کے سیاست میں عملدخل کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے ۔ امریکہ اور فوج کی مددکے بغیر بھی تبدیلی آ سکتی ہے ۔ متحدہ مجلس عمل دیگر جماعتوں کو ساتھ ملا کر جنرل مشرف کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعتہ الدعوة کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں مولاناامیر حمزہ‘ حافظ خالد ولیداور یحی مجاہد شامل تھے ۔ اس موقع پر قاضی حسین احمد نے جماعتہ الدعوة کی حقوق نسواں بل کے خلاف جاری عوامی دستخطی مہم پر دستخط کئے اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ او رمغرب سے متاثر موجودہ حکمران اسلامی سزاؤں کو وحشیانہ قرار دیکر امریکی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔

فوجی جرنیل امریکہ کے آلہ کار بن چکے ہیں اگر عوام متحد ہو کر اسلام آباد میں جمع ہو جائیں تو فوج اس بار عوامی دباؤ کی مزاحمت نہیں کر سکے گی اور فتح بالآخر عوام ہی کی ہو گی ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ استعفوں کے مسئلے پر ہم مجلس عمل کے اتحاد کو بر قرار رکھتے ہوئے درمیانی راستہ نکال لینگے ۔ مولانافضل الرحمن بھی استعفوں کا فیصلہ کرلینگے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا اتحاد ایک بابرکت اتحاد ہے اس استحاد کی برکت سے تمام لوگ اکٹھے ہو سکتے ہیں۔