مقبوضہ کشمیر فرضی جھڑپوں اور فائرنگ سے مزید 5کشمیری شہید،5 زخمی۔ اوڑی سیکٹر میں 3دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعوی، ٹنگمرگ میں کریک ڈاؤن بارہ مولہ لولاب اور بڈگام میں گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے ،پامپور میں فیکٹری کے مالک کو گرفتار ی کے بعد نیم مردہ حالت میں رہا کردیا گیا ۔پلوامہ اور شوپیاں کے علاقوں میں ٹرانسپورٹروں کے بھارتی فورسز کے خلاف ہڑتال

جمعہ 29 دسمبر 2006 13:28

سری نگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29دسمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور ان کے ایجنٹوں نے فرضی جھڑپوں اور فائرنگ کرکے مزید 5کشمیریوں کو شہید اور 5کو زخمی کردیا اوڑی سیکٹر میں 3دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا گیا ٹنگمرگ میں کریک ڈاؤن جبکہ بارہ مولہ لولاب اور بڈگام میں گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے کئے گئے پامپور میں فیکٹری کے مالک کو گرفتار ی کے بعد نیم مردہ حالت میں رہا کردیا گیا پلوامہ اور شوپیاں کے علاقوں میں ٹرانسپورٹروں کے بھارتی فورسز کے خلاف مظاہرے جاری ہیں ۔

بھارتی فوج نے ضلع بارہ مولا کے اوڑی سیکٹر میں جنگ بندی لائن پر تین دراندازوں کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق بنالی بونیار علاقے میں آزاد کشمیر سے تین جنگجو داخل ہوئے جنہیں ایک جھڑپ کے دوران شہید کیا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود تین رائفلیں ایک پستول بارہ گرینیڈ دو وائر لیس سیٹ بھارتی کرنسی اور ناقابل اعتراض کاغذات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیکٹر کے نزدیک عروسہ علاقے میں بھارتی فضائی فوج کے سربراہ ایئر چیف مارشل ایس پی تیاگی موجود تھے ۔شہید ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ ضلع بارہ مولا کے نادی ہال رفیع آباد علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے شہہ نواز احمد وار ولد ثناء اللہ کو اس کے گھر سے باہر نکال کر گولیاں مار کر شہید کردیا گیا ۔ مذکورہ نوجوان کئی برس قبل بھارتی فوج کے ساتھ کام کرنے کے بعد اپنا نجی کاروبار چلا رہا تھا ۔

دریں اثناء ضلع اودھم پور کے سیل دھر علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک شہری محمد اشرف کو گولیاں مارکر شہید کردیا ۔ ضلع پلوامہ اور شوپیاں علاقے میں ایک ڈرائیور کو فائرنگ سے شہید کرنے کے خلاف ٹرانسپورٹروں نے مکمل ہڑتال کردی ہے اور فوج کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔یاد رہے کہ بھارتی فوج نے چند روز قبل لتر علاقے میں مختار احمد شیخ کی ٹاٹا سومو گاڑی زبردستی قبضے میں لی جس دوران مجاہدین کے حملے میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوئے فوجیوں نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور کو شہید کردیا تھا ۔

پامپور کے پٹلی باغ سمبورا علاقے میں ہزاروں افراد نے بھارتی فوج کے خلاف اس وقت مظاہرے کئے جب انہوں نے ایک مل کے مالک نور محمد بٹ کو حراست میں لے کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے نیم مردہ حالت میں سڑک پر پھینک دیا ۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بڈ گام کے نسل پورہ علاقے میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔

ضلع بڈ گام کے وڈون علاقے میں ایک نوجوان محمد سلطان وانی کو بھارتی فوجیوں نے گرفتار کرلیا ۔ جبکہ فیاض احمد نامی نوجوان کو وادی لولاب کے ڈورسہ علاقے میں حراست میں لے لیا ۔ بھارتی فوج نے ضلع راجوڑی کے نوشہرہ علاقے میں 6آر پی جی راکٹ برآمد کرنے کا دعوی کیا ۔ بھارتی فورسز نے ضلع بارہ مولا کے کھادنیار علاقے سے تین نوجوان عبد المجید لون ممتاز احمد گجر اور ریاض احمد کو ان کے گھروں سے گرفتار کرلیا ۔ جس کے خلاف علاقے میں مظاہرے ہوئے ۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہ مولا کے ٹنگمرگ علاقے میں کریک ڈاؤن کیا اور لوگوں کو شدید سردی کے دوران کھلے میدانوں میں جمع کرکے ان کی تلاشیاں لی گئیں اور مخبروں کے سامنے شناختی پریڈ ہوئی ۔ اس واقعہ کے خلاف لوگوں نے ا حتجاج کیا ۔