حکمران مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی پیٹریاٹ(شیرپاؤ) کے درمیان انتخابی اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق

آفتاب شیر پاؤ نے تحفظ حقوق نسواں بل کے نئے مسودے کی بھی حمایت کر دی‘ خواتین کیخلاف فرسودہ قوانین کے خاتمے کیلئے کوششوں کا ساتھ دیں گے ۔ شیرپاؤ،پیپلز پارٹی سے ڈیل ہوئی نہ ڈھیل دی جائے گی ۔ اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے ۔ مسلم لیگی صدر چوہدری شجاعت کی وزیر داخلہ کو یقین دہانی

جمعہ 29 دسمبر 2006 13:31

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29دسمبر2006 ) پاکستان مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی پیٹریاٹ شیر پاؤ گروپ نے آئندہ عام انتخابات میں ایک ہی پلیٹ فارم پر الیکشن لڑنے اور حکومت بنانے کیلئے اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ شیر پاؤ گروپ نے تحفظ حقوق نسواں کے نئے مسودے پر بھی حکمران جماعت کی حمایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے جمعہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی پیٹریاٹ شیر پاؤ گروپ کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاوٴ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

دونوں رہنماوٴں نے ایک ہی پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے اور آئندہ حکومت بنانے کے لیے اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم انیسہ زیب طاہر خیلی بھی موجود تھیں ، ملاقات میں چوہدری شجاعت نے نئے ویمن پروٹیکشن بل کا مسودہ آفتاب شیر پاوٴ کو پیش کیا جس پر وزیر داخلہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اس بل کی منظوری کے لیے حکمران جماعت کا ساتھ دے گی۔

(جاری ہے)

انہو ں نے یقین دلایا کہ وہ اور ان کی پارٹی ملک میں خواتین کے خلاف فرسودہ روایات کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کو مسترد کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ نہ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ہی ڈھیل دی جائے گی۔ اتحادیوں سے تمام اہم معاملات پر مشاورت کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں صدر جنرل پرویز مشرف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ان کی پالیسیوں کے تسلسل کے لئے آئندہ انتخابات میں موجودہ حکومتی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا۔