نواز شریف کا خط ترقی پسند پارٹی اور عوامی تحریک کے سربراہوں کو پہنچا دیا گیا

جمعہ 29 دسمبر 2006 22:07

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2006ء) ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام، عدلیہ کی آزادی، شفاف انتخابات، آزاد الیکشن کمیشن کے قیام سمیت پانچ نکاتی ایجنڈے پر مشتمل مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کا خط ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی اور عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کو پہنچا دیا گیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سردار رحیم سمیت دیگر رہنماؤں نے حیدر آباد میں ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرقادر مگسی اور رسول بخش پلیجو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اورانہیں میاں نواز شریف کی جانب سے خط پیش کیا اس موقع پر رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردر رحیم نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے سندھ اوربلوچستان کے پچاس سے زائد سرکردہ سیاسی رہنماؤں، دانشوروں، ادیبوں اور وکلاء کیلئے خطوط دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خطوط کی تقسیم کا مقصد ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام، جمہوری اداروں کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی، آزاد الیکشن کمیشن کے قیام جیسے امور کو نمایاں کیاگیا ہے۔ ان رہنماؤں سے اپیل کی گئی ہے کہ ملک میں اس پانچ نکاتی ایجنڈے کیلئے متحد ہو کر مشترکہ جدوجہد کریں۔ ان کا کنا تھا کہ میاں نواز شریف تمام سیاسی جماعتوں کو ان پانچ نکاتی ایجنڈے پر متحد کرنا چاہتے ہیں ان خطوط کی تقسیم اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔