صدام حسین کی پھانسی کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال اور مظاہرے۔ ظالمانہ کارروائیوں میں مزید 3کشمیری شہید ، مزید ایک بھارتی فوجی نے خود کشی کرلی ۔ شدید سردی کے دوران بستیوں کے کریک ڈاؤن ۔ ڈوڈہ پونچھ اور سری نگر میں گرفتاریوں کے خلاف احتجاج

ہفتہ 30 دسمبر 2006 13:05

سری نگر ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30دسمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں صدام حسین کی پھانسی کے خلاف مظاہرے کئے گئے ،اطلاعا ت کے مطابق ٹی وی چینلز پر صدام حسین کی پھانسی کی خبر سن کر لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور امریکہ کے خلاف مظاہرے کئے ۔ یہ مظاہرے سری نگر بارہ مولہ اور کپواڑہ میں ہوئے ۔ اس دوران بھارتی فوجیوں نے ظالمانہ کارروائیوں میں مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا ۔

جبکہ جنوبی کشمیر میں ٹرانسپورٹروں کے بھارت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور بستیوں کا کریک ڈاؤن گرفتاریاں تلاشیاں چھاپے بھی تیز کردیئے گئے ہیں ۔ ضلع بارہ مولہ کے پٹن علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے عرفان احمد گوجری ولد غلام محمد ساکنہ اقبال کالونی کو گولیاں مار کر شہید کردیا پولیس نے عرفان احمد کی لاش برآمد کرلی ۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کے خلاف پٹن میں لوگوں نے مظاہرے کئے۔

سری نگر کے مرزا کامل صاحب حول علاقے میں بھارتی فوج کے نزدیک نصب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک انجینئر شبیراحمد خان ولد شوکت علی ساکنہ بھگوان پورہ کی شہادت کے خلاف لوگوں نے مظاہرے کئے مظاہرین نے الزام لگایا کہ بھارتی فوجیوں نے اپنی چوکیوں اور کیمپوں کے اردگرد بارودی سرنگیں نصب کردی ہیں جو انسانوں کے لئے شدید خطرہ ہیں مظاہرین نے شہری علاقوں سے فوجیوں کے بینکرز اور خاردار تاریں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

دریں اثناء مجاہدین کے بڑھتے ہوئے حملوں کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں مبتلا ایک اور بھارتی فوجی نے اپنی بندوق سے گولی چلا کر خود کشی کرلی ۔ یہ واقعہ ضلع بڈگام کے ہمہامہ علاقے میں سی آر پی ایف کیمپ میں پیش آیا بھارتی فوجیوں نے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں ایک آپریشن کے دوران بابر حسین شیخ ولد غلام احمد جبکہ ضلع پونچھ کے بنولہ مینڈل علاقے سے جعفر ولد حکم داد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ۔ بھارتی فوجیوں نے سری نگر کے عید گاہ علاقے سے علی محمد ولد محمد رمضان جبکہ عالی مسجد سے سلیم بٹ ولد غلام حسن کو حراست میں لے لیا ۔ ان گرفتاریوں کے خلاف سری نگر میں لوگوں نے مظاہرے کئے