استعفے نہ دینے کا فیصلہ حتمی ہے،جنرل مشرف کی نگرانی میں انتخابات پر کوئی اعتراض نہیں،مولانا فضل الرحمن،اصل اپوزیشن ایم ایم اے ہے،پیپلز پارٹی نہیں،مجلس عمل حکومت کے خلاف باقاعدہ تحریک کا آغاز کر چکی ہے،منیٰ میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 31 دسمبر 2006 18:25

منیٰ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31دسمبر۔2006ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ استعفیٰ نہ دینے سے متعلق ایم ایم اے کی سپریم کونسل کا فیصلہ حتمی ہے جبکہ صدر جنرل پرویزمشرف کی نگرانی میں آئندہ انتخابات کے انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استعفیٰ نہ دینے سے متعلق ایم ایم اے کی سپریم کونسل کا فیصلہ دو ٹوک اور واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اصل اپوزیشن ایم ایم اے ہے پیپلز پارٹی نہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایم اے حکومت کے خلاف باقاعدہ تحریک کا آغاز کر چکی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے اب تک حکومت کے خلاف ایک جلسہ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات جنرل پرویزمشرف کی موجودگی میں ہوتے ہیں تو اس پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے استعفیٰ نہ دئیے جانے سے متعلق سپریم کونسل کا فیصلہ سامنے آ چکا ہے انہوں نے کہا کہ جلد حکومت کے خلاف موثر تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔