اگلے انتخابات میں مسلم لیگ (ق) اور اتحادی جماعتیں کارکردگی کی بنیاد پر فتح یاب ہوں گی .شوکت عزیز,مسلم امہ کو اس وقت اتحاد کی سخت ضرورت ہے‘ پاکستان امہ کو متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا. گورنر ہاؤس میں عید ملن تقریب سے خطاب

بدھ 3 جنوری 2007 14:05

کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی پارلیمنٹ پانچ سال کی مدت پوری کرے گی وہ اپنے اعزاز میں سندھ گورنر ہاؤس میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے-تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان‘بحرین نیشنل گارڈ کے سربراہ شیخ محمد بن خلیفہ متعدد وفاقی و صوبائی وزراء‘ سفارتکار ‘سرکردہ بزنس مین اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی-وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی پارلیمنٹ نے چار سال مکمل کر لیے ہیں اور موجودہ پارلیمنٹ اپنے پانچ سال کی مدت بھی پوری کرے گی- انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں جمہوری نظام مزید مستحکم ہو گا اور ملک میں جمہوریت کو مزید فروغ حاصل ہو گا-وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کا واحد مقصد ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنا ہے ہم پاکستان کو ترقی پذیر ملک سے ترقیافتہ ملک میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں یہ ایک خواب نہیں ہے بلکہ ہم اسے حقیقت میں تبدیل کریں گے- وزیراعظم نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ اور اس کے اتحادی ملکر الیکشن لڑیں گے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اس میں فتحیاب ہوں گے-وزیراعظم نے کراچی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مقامی حکومت بجلی کا نظام صفائی اور امن وامان کی بحالی پر توجہ دے رہی ہے-وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اسلام ہمارا مذہب ہے جو کہ امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے- اسلام میں انتہا پسندی دہشت گردی اور فرقہ پرستی کی کوئی گنجائش نہیں وزیراعظم نے کہاکہ مسلم امہ کو اس وقت اتحاد کی سخت ضرورت ہے اور پاکستان امہ کو متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا-وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان مشرق وسطی اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی گلف ) کے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھا رہی ہے- دریں اثناء بحرین کی نیشنل گارڈز کے سربراہ شیخ محمد بن خلیفہ نے وزیراعظم شوکت عزیز سے گورنر ہاؤس میں باضابطہ طور پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان ثقافتی اور اقتصادی کو وسعت دینے پر اتفاق کیا-