پاکستان اور افغانستان کے درمیان اطلاعات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق.تعلقات بہتر بنانے میں میڈیامثبت کردار ادا کرے .محمد علی درانی کی کابل میں بات چیت

بدھ 3 جنوری 2007 14:32

کابل (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) وزیراطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان پڑوسی ملک افغانستان کو ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے پشتو سافٹ ویئر فراہم کرے گا محمد علی درانی نے یہ بات اپنے افغان ہم منصب عبدالکریم خرم کے ساتھ ملاقات کے بعد یہاں اخبار نویسوں کو بتائی- وزیراطلاعات و نشریات نے کہاکہ ملاقات میں تمام شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی ہے اور پاکستان نے افغان صحافیوں اور میڈیا کے شعبے سے منسلک دیگر عملے کو تربیت دینے کی پیشکش کی- انہوں نے کہاکہ پاکستان افغان میڈیا کے ساتھ ڈراموں اور دیگر پروگراموں میں تعاون کرے گا- وزیراطلاعات محمد علی درانی نے دونوں ملکوں کے میڈیا پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے میں مثبت کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اور غیر سرکاری میڈیا اس میں تعاون کریں- محمد علی درانی نے کہاکہ دونوں ممالک کے میڈیا کے شعبے سے وابستہ افراد کھلی بحث کریں تاکہ ایک دوسرے کے درمیان اہم معاملات کا تبادلہ ہو- انہوں نے کہاکہ افغان وزیر اطلاعات کو پاکستان کی دعوت دی گئی ہے تاکہ میڈیا سے متعلق تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے-اس سے قبل کابل پہنچنے پر محمد علی درانی کا پرتپاک استقبال کیا گیا استقبال کے لیے افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات و ثقافت غلام نبی فراہی کابل کے ہوائی اڈے پر موجود تھے پاکستان کے سفیر طارق عزیز الدین‘ پریس قونصلر نعیم خان اور دیگر حکام موجود تھے محمد علی درانی اپنے ہم منصب کی جانب سے دعوت میں شرکت کریں گے-

متعلقہ عنوان :