صدام کی پھانسی کو بار بار دکھانا شر انگیزی پھیلانے کی ساز ش ہے ۔ بیگم عابدہ حسین

بدھ 3 جنوری 2007 18:54

منڈی شاہ جیونہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) سابق وفاقی وزیر بیگم سیدہ عابدہ حسین نے کہا ہے کہ صدام حسین کی پھانسی کو بار بار ذرائع ابلاغ پر دکھانا پر مسلمانوں میں شرانگیزی پھیلانے کی سازش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی این پی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صدام کو ان کے کئے کی سزا ملی ہے لیکن ان کی پھانسی کو بار بار ذرائع ابلاغ پر دکھانا مسلمانوں میں شر انگیزی پھیلانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

سیدہ عابدہ حسین نے مزید کہا کہ بھٹو کی پھانسی ایک سیاسی وقوعہ تھا کیونکہ ضیاء الحق ایک عوامی لیڈر کو زندہ نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ قائد عوام ضیاء الحق کو اپنے لئے ایک خطرہ نظر آ رہا تھا اس لئے عوامی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر مشرف اگر اپنے آپ کو دلیر لیڈر سمجھتے ہیں تو وردی اتار کر الیکشن لڑیں۔ ان کو اپنی مقبولیت کا پتہ چل جائے گا۔ سیدہ عابدہ حسین نے کہا کہ آئندہ ہونے والے الیکشن 2007ء سے قبل محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان میں ہوں گی اور پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور آئندہ بننے والی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہو گی۔