ایم کیو ایم کے کارکنوں نے متعدد مقامات پر گن پوائنٹ پر کھالیں چھین لیں، فائرنگ کرکے لوگوں کو ہراساں کیا گیا

بدھ 3 جنوری 2007 21:13

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3جنوری2007ء ) عید الاضحی کے موقع پر متحدہ نے روایتی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا گزشتہ سال کی طرح امسال بھی ایم کیو ایم کے کارکنان نے کھالوں کی لوٹ مار کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سال بھی ایم کیو ایم نے کھالوں کی رسیدیں عید سے پہلے عوام کو زبردستی پکڑا دیں۔ کھالیں چھیننے کے واقعات پاکستان چوک، حقانی چوک، آرام باغ، گاڑی کھاتہ، رتن تلاؤ، برنس روڈ اور کہکشاں کے علاقوں میں ہوئے۔

(جاری ہے)

شو مارکیٹ کے علاقہ مین سویٹ اپارٹمنٹ سے زبردستی 11 کھالیں پہلے دن اور 3 کھالیں دوسرے دن اسلحہ کے زور پر چھینی گئیں۔ عید کے دوسرے روز دفتر جماعت اسلامی برنس روڈ پر متحدہ کے کارکنان راجو کباڈیا، بابر نہاری اور یعقوب نے حملہ کردیا اور توڑ پھوڑ کی اور دھمکیاں دیں۔ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی محمد حسن محنتی نے اس صورت حال پر سی سی پی او سے رابطہ کیا اس موقع پر کارکنان میں اشتعال پھیل گیا لیکن ذمہ داران نے حالات کو سنبھال لیا۔