اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ,4فلسطینی شہری شہید ,20زخمی ۔۔ حماس اور فتح نے اپنے ارکان کو سڑکوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

جمعرات 4 جنوری 2007 00:03

رام اللہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 4جنوری 2007ء ) اسرائیلی فوج نے اپنی ظالمانہ کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے چار فلسطینی شہریوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ایک غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے رام اللہ کے مغربی کنارے میں فائرنگ کرکے چار فلسطینیوں کو موقع پر شہید جبکہ 20افراد کو شدید زخمی کردیا ۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ کارروائی اسرائیلی فوج نے طیاروں کی مدد سے کی جس کے مذکورہ فلسطینی شہید ہوئے ۔زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید ہونے والے مزاحمت کار اسرائیل پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے جبکہ عینی شاہدین نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے عام شہریوں کو فائرنگ کی ہے اور اس میں زخمی اور شہید ہونے والے تمام عام شہری ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب غزہ کے جنوب میں فلسطینی گروہوں الفتح اور حماس نے جھڑپوں میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد اپنے مسلح ارکان کو سڑکوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینی علاقوں میں دونوں گروہوں کے ارکان کے درمیان یہ معاہدہ خان یونس میں طے پایا۔ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ یہ معاہدہ جنگ بندی کی طرف بڑھے گا یا نہیں۔ دو ہفتے قبل دونوں گروہوں کے درمیان امن کے قیام کے بعد بدھ کے روز کے واقعات شدید ترین تھے۔ ہلاک ہونے والے پانچ افراد میں سے چار کا تعلق الفتح سے تھا۔

متعلقہ عنوان :