حکمران ملک میں غربت ،افلاس ، بیروزگاری ، بیچارگی اور انتشار بڑھارہے ہیں، نواز شریف

جمعہ 5 جنوری 2007 20:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آمریت کو جمہوریت پر فوقیت دینے والے ملک میں معاشی استحصال کے ذمہ دار ہیں۔ ٹریڈ مافیا کی سرپرستی کرنے والے حکمران ملک میں غربت ،افلاس ، بیروزگاری ، بیچارگی اور انتشار بڑھارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کلچرل ونگ پنجاب کی صدر فرح دیبا کی طرف سے کئے گئے لندن میں ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میاں نواز شریف نے کلچرل ونگ کو فعال ، منظم اور کلچرل میں اسلامی روایات کو ترجیح دینے پر فرح دیبا کی جدوجہد کو سراہا۔میاں نواز شریف نے کہا کہ وطن عزیز ٹریڈ مافیا کے قبضے میں قراہ رہا ہے ۔ 12 اکتوبر 1999ء سے مفاد پرست سیاسی عناصر کی عیاشی اور دولت کا ہولناک تضاد ہماری معیشت اور معاشرتی اقدار کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

قابض حکمرانوں کی نام نہاد اور غیر جمہوری پالیسیوں سے قوم میں بے چینی اور اضطراب کا لاوا پک رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شخصی حکومت پارلیمنٹ کی بے بسی جمہوریت کا فقدان اور جوابدہی کا عدم وجود موجودہ حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے ۔ گذشتہ 7 سالوں سے غریب عوام کو خوشحالی ، ترقی اور مہنگائی کے خاتمے کے سبز باغ دکھا کر اپنی سیاسی دکانداریاں چمکانے والوں کا چل چلاؤ ہے ۔ میرے وطن کے عوام ان مغرب نواز حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے اپنے اندر اتحاد اور اتفاق پیدا کریں کیونکہ تاریخ شاہد ہے کہ آمریت کا خاتمہ عوامی تحریک سے ہی ہوا ہے۔ اس وقت تمام جمہوری قوتیں یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہورہی ہیں۔ قوم کو ان کے شانہ بشانہ چلنا ہوگا تاکہ وطن عزیز پر مسلط آمریتی اور مافیائی نظام کا خاتمہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :