ایران کو ہتھیاروں کی فراہمی کا الزام ‘ پاکستان اور چین سمیت 8ممالک کی 24کمپنیوں پر پابندی۔ پابندیوں کا سامنا کرنے والی کمپنیوں میں چین کی 3‘ روس کی 2‘ پاکستان ‘ ملائیشیا‘ میکسیکو ‘ ایران ‘ سوڈان ‘ شمالی کوریا اور سام کی ایک ایک کمپنی شامل ہے

ہفتہ 6 جنوری 2007 12:49

واشنگٹن ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06جنوری2007 ) امریکہ نے ایران اور شام کو ممنوعہ ہتھیار راہم کرنے کے الزام میں پاکستان روس چین سمیت 8ممالک کی 24 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس بات کا اعلان امریکی فیڈرل رجسٹرار میں شائع کی جانے والی رپورٹ میں کیا گیا۔ محکمہ خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ ایران او رشام کو مبینہ طور پر ممنوعہ ہتھیاروں کی فراہمی کے الزام میں 8 ممالک کی 24کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان کمپنیوں میں چین کی 3 اور روس کی 2‘ کمپنیاں بھی شامل ہیں ۔

امریکہ فیڈرل رجسٹرار کے مطابق پاکستان ‘ ملائیشیا ‘ میکسیکو ‘ ایران ‘ سوڈان ‘ شمالی کوریا اور شام کی بھی ایک ایک کمپنی شامل ہے۔ ان ممالک پر 1998ء اور 2005ء کے قوانین کے تحت پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ خارجہ کے مطابق ان پابندیوں پر عمل گزشتہ سال 28دسمبر سے شروع کیا جا چکا ہے۔ ان پابندیوں کی وجہ سے نیشنل الیکٹرانک امپورٹ ایکسپورٹ کمپنی اور چائنہ نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنیاں متاثر ہوں گی۔

امریکی حکومت نے اس بات کی وضاحت نہیں کی ہے کہ ان کمپنیوں سے کون سے ممنوعہ ہتھیار فروخت کئے گئے ہیں جبکہ پابندیوں کیخلاف روس کی فرم راسو وال ایکسپورٹ نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اس فرم کے خلاف ایران کو ہتھیاروں کی تیاری کیلئے استعمال ہونے والے آلات فروخت کرنے پر گزشتہ اگست میں بھی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ روس کی جہاز سازی کی فرم سوخوئی پر بھی پابندیاں عائد کی گئی تھیں تاہم روس کے شدید احتجاج کے بعد نومبر میں یہ پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :