مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات میں ایک پلیٹ فارم سے حصہ لیں گی۔ وزیراعظم شوکت عزیز۔۔مسلم لیگ الیکشن میں کارکردگی اور سابقہ ریکارڈ کی بناء پر کلین سویپ کریگی‘ ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے جمہوری اداروں کو مستحکم بنایاجا رہا ہے۔تحفظ نسواں ن بل حکومت کی بڑی کامیابی ہے ‘ حقوق خواتین کے تحفظ کیلئے مزید قانون سازی کرینگے‘ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ‘ عوام کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحا ت میں شامل ہے۔شوکت عزیز کی مسلم لیگی صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی سے بات چیت

ہفتہ 6 جنوری 2007 15:40

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06جنوری2007 ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں ایک ہی پلیٹ فارم سے حصہ لیں گی اور امید ہے کہ مسلم لیگ کارکردگی اور سابقہ ریکارڈ کی بنیاد پر ان انتخابات میں کلین سویپ کریگی‘ ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے جمہوری اداروں کو مزید مستحکم بنایاجائے گا۔ قومی مفاد کی خاطر حکومت اپوزیشن اور دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے ‘ ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے۔

تحفظ نسواں بل موجودہ حکومت کی اہم کامیابی ہے‘ پاکستان کے عوام باشعور ہیں ۔ ملکی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ صاف پانی کی فراہمی ‘ غربت کے خاتمے ‘ تعلیمی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگی صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی سے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں ایک ہی پلیٹ فارم سے حصہ لیں گی اور ہمیں امید ہے کہ مسلم لیگ اور حلیف جماعتیں ان انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد اور سابقہ ریکارڈ کی بناء پر کامیابی حاصل کریں گی۔ وزیر اعظم شوکتک عزیز نے کہا کہ ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے‘ جمہوری اداروں کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے تاکہ ملک میں جمہوری اقدار مزید فروغ پا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن اور دیگر جماعتوں کو عتماد میں لے کر ساتھ چلنا چاہتی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کسی بھی شعبے میں زیادتی نہیں ہو رہی ان کو پوری آزادی حاصل ہے۔ ملک میں اس وقت جمہوریت فروغ پا رہی ہے اور اس کی مثال تحفظ نسواں بل کی منظوری ہے جس میں پیپلز پارٹی اور چند دیگر اپوزیشن اراکین نے بھی حکومتی موقف کی حمایت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین نے حقوق کے تحفظ کے لئے نسواں بل کی منظوری موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی او رحقوق خواتین کی حفاظت کے لئے موجودہ حکومت مزید قانون سازی بھی کریگی ‘ تحفظ حقوق نسواں بل کا دوسرا مسودہ لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی طور پر باشعور ہیں اور اچھے برے میں تمیز کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں ان جماعتوں کو ووٹ دینگے جو ملک و قوم سے مخلص ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت عوام کی ترقی اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس کے نتائج جلد برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صف پانی کی فراہمی ‘ غربت او رپسماندگی کا خاتمہ ‘ تعلیمی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت تمام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری جبکہ غربت میں کمی آئی ہے۔ ملک میں تعلیمی شعبے میں ترقی اور شرح خواندگی میں اضافے سے غربت کم ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ بابائے قوم کے اصولوں پر چل رہی ہے۔ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ملک بھر میں لوگ متاثر ہو کر جوق در جوق مسلم لیگ میں شامل ہو رہی ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے وزیر اعظم شوکت عزیز کو پنجاب میں امن و امان اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عید پیکج کے اعلان سے صوبہ کے عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں اعتدال میں رکھنے کیلئے ہم نے مانیٹرنگ کا سخت نظام وضع کر رکھا ہے۔

وزیر اعظم نے صوبہ میں قیام امن اور عوام کی سہولت کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں تینوں رہنماؤں کے درمیان پاک افغان تعلقات اور وزیر اعظم کے حالیہ دورہ افغانستان پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔ اس موقع پر مسلم لیگی صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے دونوں ممالک میں معاہدہ انتہائی اہم ہے۔ جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔