نوازشریف کی میزبانی میں لندن اے پی سی کاانعقاد اپوزیشن کیلئے متحد ہونے کاایک نادرموقع ہے، جاوید ہاشمی

ہفتہ 6 جنوری 2007 21:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری۔2007ء) اے آر ڈی کے مرکزی صدر اور مسلم لیگ (ن) کے قا ئمقام صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کوئی ریاست انصاف اورمساوات کے بغیر زیادہ دیرقائم نہیں رہ سکتی۔جس طرح دیمک لکڑی کوکھا جاتی ہے ٹھیک اسی طرح آمریت جمہوریت اور معیشت کاحلیہ بگاڑ دیتی ہے۔شیخ تاج الدین جیسے نظریاتی سیاسی کارکن کسی بھی جماعت کاقیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔

شیخ تاج الدین آج ہم میں نہیں ہیں لیکن ان کی سیاسی جدوجہد وطن عزیزکے ہرجمہوریت پسند فردکیلئے مشعل راہ ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال میں شیخ تاج الدین مرحوم کے صاحبزادے اورمسلم لیگ (ن) لاہور کے نائب صدر شیخ کبیرتاج سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپولیس نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال کامحاصرہ کررکھا تھا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ڈینٹل ہسپتال میں مخدوم جاوید ہاشمی سے ملاقات اوران کی عیادت کی۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اورآبیاری کیلئے سیاسی کارکنوں کی خدمات کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اپوزیشن کو عوام کامورال بلنداوراعتمادبحال کرنے کیلئے آمریت کے خلاف متحدہوکرمورچہ لگانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ انفرادی نہیں قومی مفادات کیلئے کام کرنے اورقربانی دینے کاوقت ہے۔ جلاوطن سیاسی قیادت کے بغیر عوام انتخابات میں شریک نہیں ہوں گے۔

موجودہ حکمرانوں کے زیراثرجھرلو الیکشن کے نتیجہ میں بننے والی پارلیمنٹ عوام کی امیدوں پرپورااترسکتی ہے اورنہ آزاد فیصلے کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی میزبانی میں لندن اے پی سی کاانعقاد اپوزیشن کیلئے متحد ہونے کاایک نادرموقع ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام جمہوریت کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں انہیں صرف قیادت کی وطن واپسی کاانتظار ہے۔