مقبوضہ کشمیر‘ظالمانہ کاروائیوں میں 6 کشمیری شہید ‘ 60 زخمی ‘ مجاہدین کے حملوں میں 5 بھارتی فوجی ہلاک۔سرینگر میں پولیس کنٹرول روم‘بارہمولہ میں فوجی سینما گھر اور سوپور میں فوجی چوکی کو بموں سے اڑانے کی کوشش۔ڈنگی وچہ میں حکمران جماعت کے لیڈر کو ہلاک کر دیا گیا‘شوپیاں میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد عوام پر اندھادھند فائرنگ سے تین شہری شہید جبکہ 50 زخمی ‘شوپیاں میں ایک اور مسجد کو آگ لگا کر شہید کرنے کے خلاف ہزاروں افراد کے شدید احتجاجی مظاہرے ۔

اتوار 7 جنوری 2007 12:23

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07جنوری2007 ) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی فورسز کی ظالمانہ کاروائیوں میں 6 کشمیری شہید اور 60 زخمی ہو گئے جبکہ مجاہدین کے حملوں میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے-سرینگر میں پولیس کنٹرول روم‘بارہمولہ میں فوجی سینما گھر اور سوپور میں فوجی چوکی کو بموں سے اڑانے کی کوشش کی گئی-ڈنگی وچہ میں حکمران جماعت کے لیڈر کو ہلاک کر دیا گیا-شوپیاں میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد عوام پر اندھادھند فائرنگ سے تین شہری شہید جبکہ 50 زخمی ہو گئے-شوپیاں میں ایک اور مسجد کو آگ لگا کر شہید کرنے کے خلاف ہزاروں افراد نے شدید احتجاجی مظاہرے کئے-کشتواڑ میں سکول ٹیچر کو بھارتی فورسز کی حراست میں دوران تشدد ایک آنکھ پھوڑ ڈالنے کے خلاف تمام تعلیمی اداروں میں ہڑتال کی گئی-ضلع پلوامہ کے شوپیاں قصبے میں جامع مسجد کے قریب بھارتی فوج کی 44 آر آرپر مجاہدین نے دستی بموں سے حملہ کیا حملے میں چار فوجی ہلاک ہو گئے- بھارتی فوج کے ترجمان اے کے ماتھرنے چار فوجیوں کی زخمی ہونی کی تصدیق کی ہے ایس ایس پی پلوامہ نتیش کمار نے ٹیریٹوریل آرمی کے فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی- بھارتی فوجیوں نے انتقامی کاروائی کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے محکمہ دیہی ترقی کا ملازم محمد یوسف لون ولد غلام محمد ساکن ریاکاپرن اور فاروق احمد ولد عبدالغفار ساکن ہرواگوری دمہال حانجی پورہ موقع شہید ہو گئے-گرینڈ حملے میں کئی خواتین سمیت 50افراد زخمی ہوئے-زخمیوں میں سے 7 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے-دھماکے کے فورا بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی فوجیوں نے اندھا دھند لوگوں کی مار پیٹ کی اور بستیوں کا محاصرہ کر لیا-حملے میں علاقے کا تحصیلدار اور نائب تحصیلداربال بال بچ گئے-ادھر ایک زخمی بعد ازاں ہسپتال میں چل بسا-سرینگر کے پولیس کنٹرول روم میں ڈاگ سکارڈکے تربیتی مرکز میں بم کا دھماکہ ہواجس سے پولیس سپاہی اعجاز احمد زخمی ہو گیا-ضلع بارہمولہ کے ڈنگی وچہ رفیع آباد علاقے میں 57سالہ ٹھیکیدار اور پی ڈی پی کارکن غلام حسن بٹ ولد غلام نبی ساکنہ حب ڈانگر پورہ کو بھارتی ایجنٹوں نے گولیاں مار کر شہید کر دیا-بارہمولہ قصبے میں تھمایا سینماہال کو بموں سے اڑانے کی کوشش کی گئی پولیس نے فوجی سینما گھر کے نزدیک ایک گاڑی کو ضبط کیا جس سے بارودی مواد برآمد ہوا-ضلع راجوری کے مجکوٹ گھمبیر مغلاں علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک چروائے کو اغواء کرنے کے بعد گولیاں مار کر شہید کر دیا-پولیس نے اس کی لاش برآمد کر لی-بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے مرکزی علاقے لالچوک کی ایک بار پھر ناکہ بندی کی اور کریک ڈاؤن کے دوران لوگوں کی شناختی پریڈ کی گئی-ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبے میں مجاہدین نے بی ایس ایف کی 55بٹالین چوکی پر حملہ کیا جس سے ایک فوجی زخمی ہو گیا-دریں اثناء پانپور میں مجاہدین کے حملے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکارچاند محمد ولد بشیر احمد ساکنہ گندی پورہ بیروہ ہسپتال میں چل بسا-بھارتی ایجنٹوں نے ضلع ڈوڈہ کے کشتواڑ علاقے میں اوقاف کے ملازم32 وزیر احمد ولد بشیر احمد شیخ کو شدید ٹارچر سے قتل کر دیا جس کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا اور دھرنادیا اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا-دریں اثناء جنوبی کشمیر کے شانگس علاقے میں 200 سالہ قدیم مسجد کو آگ لگا کر شہید کرنے کی کوشش کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کئے-یہ واقعہ اچھابل کے علاقے میں پیش آیا-مسجد کا فرش مکمل طور پر خاکستر ہو گیا ہے اور کھڑکیو ں کو جزوی نقصان پہنچا مقامی لوگوں نے آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا اس واقعہ کے خلاف ہزاروں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور مظاہرہ کیا-یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں مساجد کی بے حرمتی کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے کپواڑہ کے شولورہ کرالپورہ علاقے میں بھارتی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے اور لاٹھی چارج کیا جس سے ایک درجن افراد زخمی ہو گئے-علاقے کے لوگ پانی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے -بھارتی فوجیوں نے پلوامہ قصبے میں ایک نوجوان ریاض احمد بٹ ساکن پوہو کو دستی بم کا حملہ کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا دعوی کیا-ضلع ڈوڈہ کے بھدروہ علاقے میں اساتذہ کی تنظیم کے صوبائی صدرمحمد اشرف کیلوساکن بھدروہ کو بھارتی فورسز نے حراست کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا جس کے خلاف بھدروہ میں تمام تعلیمی اداروں میں ہڑتال کی گئی-بھارتی فورسز کے تشدد سے مذکورہ استاد کی ایک آنکھ پھوڑ ڈالی گئی-اساتذہ کی تنظیموں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے-دریں اثناء شانگس میں مساجد اور قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کی تحریک حریت کشمیر‘جماعت اسلامی‘لبریشن فرنٹ‘عوامی ایکشن کمیٹی اور تحریک المجاہدین نے شدید مذمت کی ہے اور ان واقعات کو مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی سازش قرار دیا ہے-