متاثرین منگلا ڈیم کے خدشات دور کئے جائینگے ۔ وزیراعظم سردار عتیق

اتوار 7 جنوری 2007 15:11

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07جنوری2007 ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ متاثرین و مہاجرین منگلا ڈیم کے خدشات دور کئے جائیں گے طے شدہ پیکجز پر پوری طرح عمل درآمد کیا جائے گا میرپور شہر کو ایک جدید شہر بنایا جائے گا انجینئرنگ یونیورسٹی کا میر پور میں قیام وزیراعظم پاکستان کا ایک تحفہ ہے میرپور میں جماعتی اختلافات کم ہو کر ایک خوشگوار ماحول پیدا ہوگیا ہے اس کو جاری رہنا چاہئے تمام سیکرٹریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کچہریاں لگائیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے سٹی صدر میرپور عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں سٹی عہدیداران جن میں خالد یوسف ایڈووکیٹ سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمجید سینئر نائب صدر فرخ ڈار آرگنائزر خواجہ لیاقت محمود چیئرمین یوتھ شکور مغل ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سردار رشید جمال سیکرٹری اطلاعات شامل تھے کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین و مہاجرین منگلا اطمینان رکھیں طے شدہ پیکجز کے مطابق انہیں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی اہلیان میرپور نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور اپ ریزنگ میں ملک و قوم کے لئے بڑی قربانی دی ہے جس کا حکومت پاکستان و آزاد کشمیر کو مکمل احساس ہے انہوں نے کہا کہ تمام متاثرین کو آباد کیا جائے گا جدید قسم کے نئے ٹاؤن بنائے جائیں گے اور متاثرین و مہاجرین کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرپور میں جماعتی اختلافات کم ہو کر ایک خوشگوار ماحول پیدا ہوگیا ہے باقی علاقوں کو بھی ان کی تقلید کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر حکومت ایک نیا کلچر متعارف کروا رہی ہے جس میں ہر ایک کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ہم نے ہنر مند کشمیر اور سرسبز کشمیر کا نعرہ دیا ہے جس کے تحت حکومت قرضے فراہم کرے گی لوگ اپنے گھروں میں چھوٹے چھوٹے یونٹ قائم کریں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی سر سبز کشمیر کے تحت لوگ اپنے طور پر اور تمام ادارے بھی اس مہم میں حصہ لیں انہوں نے کہا کہ تمام سیکرٹریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کچہریاں لگائیں عوام کے مسائل معلوم کریں جو ان کا اختیار ہے اس کے مطابق مسائل حل کریں جو وہ نہیں کرسکتے وہ حکومت کو پیش کریں حکومت بھرپور تعاون کرے گی تاکہ زلزلہ سے متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچائی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :