پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس کل دبئی میں ہوگا،اہم فیصلوں کا امکان، بینظیر کی وطن واپسی اور حکومت کے ساتھ ڈیل اجلاس کے اہم ایشوز ہونگے

پیر 8 جنوری 2007 15:47

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2007ء) پاکستان میں مستقبل کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس منگل کے روز دبئی میں ہوگا،بینظیر بھٹو اجلاس کی صدارت کریں گی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن و سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے پاکستان میں مستقبل کی سیاسی صورتحال کے حوال یسے آج منگل کے روز پیپلز پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کا اجلاس دبئی میں طلب کیا ہے اجلاس میں شرکت کیلئے مخدوم امین فہیم اور رضا ربانی دبئی پہنچ گئے ہیں جبکہ باقی رہنما آج پہنچ جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں پاکستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بینظیر بھٹو کی وطن واپسی سب سے اہم ایشو ہوگا۔

(جاری ہے)

بینظیر بھٹو اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے حوالے سے تمام سینئر رہنماؤں کا متفقہ موقف ہے کہ پارٹی چیئرپرسن کو واپس آنا چاہئے جبکہ بینظیر بھٹو واپسی کے فیصلے سے ہچکچا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے بھی پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی جس میں صدر جنرل پرویز مشرف کی صدارت میں انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اسٹبلشمنٹ بینظیر پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کو اقتدار دلانے کیلئے فوجی اسٹبلشمنٹ سے رابطہ ضروری ہے اور اس حوالے سے پارٹی کو نرم رویہ اپنانا چاہئے۔ ادھر اے آر ڈی میں شامل دوسری بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی اور حکومت کے رابطوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور واضح کردیا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نے حکومت کے ساتھ رابطوں بارے فوری طور پر واضح نہ کیا تو اے آر ڈی ٹوٹ سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :