مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات ایک ہی پلیٹ فارم سے لڑیں گی، وزیراعظم شوکت عزیز،ریلوے کسی بھی ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور موجودہ حکومت ریلوے کی کارکردگی اور اس کے تحفظ کیلئے اہم انتظامات کررہی ہے، جناح ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 8 جنوری 2007 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2007ء ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہاہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں ایک ہی پلٹ فارم سے حصہ لیں گی،حکومت قومی مفاد کے لئے کام کررہی ہے، ریلوے کسی بھی ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور موجودہ حکومت ریلوے کی کارکردگی اور اس کے تحفظ کیلئے اہم انتظامات کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں کراچی کینٹ اسٹیشن پر جناح ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس کے بعدجناح ایکسپریس پانچ سو چالیس مسافروں کو لیکر راولپنڈی کیلئے روانہ ہوگئی۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں ایک ہی پلٹ فارم سے حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے کینٹ اور سٹی اسٹیشن پر نئے پلیٹ فارم بنائے جائیں گے۔وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ اگر مسائل ہیں تو وسائل بھی موجود ہیں اور ہماری حکومت قومی مفاد کے لئے کام کررہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی موجودہ کارکردگی کے باعث بیس لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے وزیر اعظم شوکت عزیز سے ون ٹو ون ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم شوکت عزیز کو صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔