ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنے بھانجوں بھتیجوں کو نہیں بلکہ قوم کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں، وزیراعظم شوکت عزیز،قومی خزانے سے جیبیں نہیں بھریں، عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ کر رہے ہیں، مسلم لیگ اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ الیکشن میں حصہ لے گی اورعوام کی طاقت سے کامیابی حاصل کرے گی، پاکستان کوانجینئرنگ کا حب بنانے کیلئے عملی طورپر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، شوکت عزیز کا مختلف تقاریب سے خطاب،ترقی، خوشحالی اورقائداعظم کی روشن خیالی کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، گورنر اوروزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 8 جنوری 2007 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ ہم ذاتی نہیں بلکہ قومی مفاد کیلئے آئے ہیں ا ور ہم نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح قومی خزانے سے اپنی جیبیں بھری ہیں اور نہ ہی اپنے بھانجوں، بھتیجوں کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں بلکہ ہماری کوشش ہے کہ ہر کام قومی مفاد کیلئے کیا جائے، عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ کر رہے ہیں، مسلم لیگ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر آئندہ الیکشن میں حصہ لے گی اورعوام کی طاقت سے ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی، پاکستان کو انجینئرنگ کا حب بنایا جائے گا اوراس سلسلے میں عملی طورپر کام کا آغازکر دیا گیا ہے۔

اپوزیشن حکومت کیخلاف تنقید برائے تنقید کی پالیسی ترک کرتے ہوئے تنقید برائے تعمیر کا عمل اختیارکرے،حکومت کی کوشش ہے کہ خسارے میں چلنے والے اثاثوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے، شیخ رشید کی کاوشوں کی وجہ سے ایک سویا ہوا ادارہ جاگ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کراچی تا راولپنڈی چلنے والی نئی ٹرین جناح ایکسپریس اور افضل موٹرز کے بس اور ٹرک کے اسمبلنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے کراچی تا راولپنڈی لوئر اے سی نئی چلائی جانے والی ٹرین جناح ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کو دنیا کی جدید ریلوے سروس بنایا جائے گا اس سلسلے میں تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں نئی ٹرینیں چلانا پاکستان ریلوے انجینئرز ٹیکنیکل دیگر اسٹاف کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد وزیر مملکت اسجد ملہی اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کراچی میر محمد خاصخیلی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ، وزیر اعلی سندھ، وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر خان غوری، وزیر اعظم کے مشیر کمانڈر خلیل الرحمان اراکین پارلیمنٹ و اعلی حکام موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جناح ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی پہنچ کر قومی یک جہتی کی نمائندگی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے قلیل مدت میں 13 نئی ٹرینیں چلانا باعث فخر بات ہے نئی ٹرین شروع ہونے سے ملک کی غریب عوام اپنا 5 تا 6 گھنٹے وقت بچا کر مطلوبہ مقام پر مناسب کرائے دے کر سفر کر سکیں گے عام آدمی جہاز سے سفر نہیں کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سے زیادہ تر مزدور کلاس سفر کرتے ہیں جو تلاش روزگار کیلئے کراچی آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 7 سال قبل جب صدر جنرل پرویز مشرف نے حکومت کی 7 سالہ باگ دوڑ سنبھالی تھی تو دیگر اداروں کی طرح ریلوے کا بھی برا حال تھا لیکن آج جو کچھ تبدیلی ہوئی ہے وہ ہر کوئی دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ذاتی مفاد کیلئے نہیں آئے ہیں بلکہ عوام کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہیں، ہم نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنی جیبیں نہیں بھری ہیں بلکہ عوام کا پیسہ انہی کی بھلائی کیلئے خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنے بھانجوں، بھتیجوں کو فائدے نہیں پہنچانا چاہتے ہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ تمام کام قومی مفاد میں ہو اور ہم تمام کام قومی فائدے کیلئے کر رہے ہیں اس میں ہمارا نہ تو کوئی ذاتی مفاد ہے اور نہ ہی ہم اپنے رشتہ داروں یا بھانجوں بھتیجوں کونواز رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لے گی اور عوام کی طاقت سے پورے ملک میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے نظام کو آرام دہ بنانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر صرف تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہیے بلکہ اپوزیشن تنقید برائے تنقید سے گریز کرتے ہوئے تنقید برائے تعمیر کا عمل اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو جو رتبہ یا وقار ملا ہے اس کا سہرا پوری قوم کو جاتا ہے۔ گزشتہ سال ماہ نومبر اور جتنے سربراہان نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اس سے قبل ملکی پوری تاریخ میں اتنے سربراہان نہیں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری مسلم امہ میں یہ بات پاکستان کیلئے انتہائی قابل فخر ہے کہ وہ جوہری طاقت ہے۔ انہوں نے ریلوے میں اصلاحات کرنے پر وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی کاوشوں کی وجہ سے ایک سویا ہوا ادارہ جاگ گیا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ وقت دور نہیں کہ جب پاکستان ریلوے خود کفایت والا ادارہ بن جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے کے پلیٹ فارم میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہم حکومتی پلیٹ فارم سے ملکی ترقی کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ادارے کیلئے انتھک محنت کرنے والے مزدوروں کیلئے حقوق کا بھی پورا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ خسارے میں چلنے والے اثاثوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس چلنے سے لوگوں کو 20 سال قبل والا ماحول میسر آسکے جب لوگ ٹرین میں ڈائنگ کار کی سہولیات سے فائدہ اٹھاتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرین کا نام جناح ایکسپریس رکھنے کا صرف اور صرف مقصد یہ ہے کہ پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکے، قوم کو متحد کرنے کیلئے جناح ایکسپریس سے بہتر اور کوئی نام نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے خواتین کیلئے ریلوے میں علیحدہ بوگی کو بحال کیا جوتمام لوگوں کو مساوی حقوق دینے کی نشاندہی کرتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ نئی ٹرین جناح ایکسپریس میں 540 مسافروں کے بیٹھنے کی سہولیات ہوں گی اور یہ ٹرین 21 گھنٹے میں راولپنڈی پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 50 میں سے 38 ریلوے اسٹیشنوں کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے کی آمدنی بڑھانے کیلئے شفاف طریقے سے ادارے کی زمین فروخت کی جا رہی ہے جہاں فائیو اسٹار ہوٹل بھی بنے گی اس کے علاوہ ملک بھر میں ریلوے کی زمین پر 100 سی این جی اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کا مقابلہ بسوں سے نہیں ہے بلکہ جہازوں سے ہے اس لئے بسوں کے مالکان کو خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 50 ہزار مسافرو کو حاصل سہولیات کو ایک لاکھ مسافر تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت ہمیں 3500 فریٹ ویگنیں فراہم کردے تو ریلوے کی سامان لی جانے کی سہولیات کو 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب دسمبر 2007ء میں کراچی تا لاہور ڈبل ٹریک پر ٹرین چلا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف ملتان میں ریلوے کی ایک لاکھ کینال زمین خالی پڑی ہے جسے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

جبکہ رزاق آباد کے قریب افضل موٹرز کے بس اور ٹرک کے اسمبلنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان کو انجینئرنگ کا حب بنایا جائے گا اس سلسلے میں عملی طور پر آغاز کردیا گیا ہے اور یہ سب موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی تسلسل کی وجہ سے ممکن ہو سکا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت جہانگیر ترین نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیاں بھی مل کر کام کر رہی ہیں جس سے ملکی ترقی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے اور مڈل کلاس کی سہولتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ملکی ترقی میں مواصلات کا اہم کردار ہے اس لئے روڈ ریلوے اور دیگر ذرائع آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے روڈوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء یہاں وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور حکومت میں شامل اس کی اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات میں ایک ہی پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے ،ترقی اور خوشحالی قائداعظم محمد علی جناح کے روشن خیال اور اسلامی ملک کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ملک کی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی اور سیاسی، سفارتی اور اقتصادی شعبوں میں پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ میں شامل اس کی اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات میں ایک ہی پلیٹ فارم سے حصہ لیں گی اور ترقی اور خوشحالی قائداعظم محمد علی جناح کے روشن خیال اور اسلامی ملک کے تصور کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے اور موثر اقدامات کی وجہ سے بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائم میں مزید کمی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے وزیر اعظم کو صوبے میں آب پاشی کے نظام، آبی گزر گاہوں کو پختہ کرنے، پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور اس کی منصفانہ تقسیم کے بارے میں بریفنگ دی۔